حکومت کی شجرکاری مہم جاری ،26ہزارسے زائد پودے لگائے جاچکے

حکومت کی شجرکاری مہم جاری ،26ہزارسے زائد پودے لگائے جاچکے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کمشنری نظام کراچی کے تحت مون سون شجر کاری مہم جاری ہے مہم کا افتتاح چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ نے 30 جولائی کو کیا تھا۔

مہم 31 اگست تک جاری رہے گی مہم میں 2 لاکھ پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔ کمشنر آفس کے مطابق اب تک چار روز میں 26 ہزار 420 پودے لگائے گئے ہیں مہم میں ضلعی انتظامیہ کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور مختلف ادارے حصہ لے رہے ہیں ۔ کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے ضلع میں مہم کی نگرانی کریں مہم میں حصہ لینے والے محکموں، تنظیمو ں اور اداروں کے ساتھ رابطہ رکھیں اور یقینی بنائیں کہ 31 اگست سے قبل مہم کامیاب ہو اور پودے لگانے کا مقررہ ہدف پوری طرح حاصل ہو۔ ایڈیشنل کمشنر ون شجر کاری مہم کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں ۔کمشنر آفس نے گزشتہ چار روز کی کارکردگی کی تفصیل جاری کی ہے جس کے مطابق مہم کے ابتدائی چا روز میں 26ہزار 420 پودے لگائے گئے ہیں۔ ضلع وسطی میں تین ہزار 456 پودے لگائے گئے ہیں۔ ضلع شرقی میں 1922 پودے لگائے گئے ہیں ۔ شرقی ضلع میں اسسٹنٹ کمشنرز کے علاوہ رفاہی تنظیم عالمگیر ویلفیئر ٹرسٹ نے 40 پودے جبکہ ڈاکٹرعیسیٰ خان کی جانب سے 302 پودے لگائے گئے۔ اسسٹنٹ کمشنرز نے ضلع کیماڑی میں 3 ہزار 107، ضلع کورنگی میں سات ہزار 780، ضلع ملیر میں 5ہزار 530، ضلع جنوبی میں 3ہزار 650 اور ضلع غربی میں 950 پودے لگائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں