جماعت اسلامی بلاجواز تنقید نہیں عوامی خدمت کرے ،وقار مہدی
کراچی (آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری و وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی وقار مہدی نے کراچی میں جاری بارش کے دوران صفائی ستھرائی کے حوالے سے بلدیہ اعظمیٰ کراچی میں اپوزیشن لیڈر کے بیان کو حقیقت کے منافی اور۔۔۔
محض میڈیا کی توجہ حاصل کرنے کی خاطر تنقید برائے تنقید قرار دیتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کا میئر نہیں بنا تو انکو ہر اچھی چیز میں بھی کیڑے نظر آ رہے ہیں۔جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ اچھی خاصی بارشوں کے باوجود کراچی کی سڑکیں صاف ستھری اور ٹریفک رواں دواں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے رہنما تعصب کی عینک اتار کر شہر کا غور سے جائزہ لیں، کراچی کے تمام چھوٹے بڑے نالے آپریشنل ہیں۔ وقار مہدی نے کہا کہ بارش کے دوران جماعت اسلامی کے ٹاوَن چیئرمین کہاں غائب ہیں،اور عوام انہیں دوربین لیکر تلاش کررہی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کے پاس شہر کے 9 ٹاون چیئرمین ہیں مگر کوئی سڑکوں پر نظر نہیں آرہا ہے ۔ وقار مہدی نے نشاندھی کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر سندھ کے وزرا، مشیر اور معاونین خصوصی رین ایمرجنسی میں اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ کے ایم سی، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور واٹر کارپوریشن کا عملہ متحرک اور مستعد ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی بلاجواز تنقید کرنے کے بجائے عوام کی خدمت پر اپنی توجہ مرکوز رکھے ۔