اسٹیل ٹائون : جعلی کھاد بنانے کی فیکٹری پکڑی گئی ، کیمیکل اور سامان ضبط ، 18 افراد زیرحراست

اسٹیل  ٹائون : جعلی  کھاد  بنانے  کی  فیکٹری  پکڑی  گئی ،  کیمیکل  اور  سامان  ضبط  ،  18  افراد  زیرحراست

کراچی (اسٹاف رپورٹر )اسٹیل ٹاؤن کے علاقے میں جعلی کھاد بنانے کی فیکٹری پر پولیس نے چھاپہ مارکارروائی کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر جعلی کھاد کو برآمد کر کے 18 افراد کو گرفتار کر لیا ۔

گرفتار ملزمان سے بھاری مقدار میں کیمیکل اور کھاد بنانے کا سامان قبضے میں لے لیا گیا۔ محکمہ داخلہ کی ٹیم نے بھی کارروائی میں حصہ لیا۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ملیر کاشف افتاب عباسی کی ہدایت پر اسٹیل ٹاؤن پولیس نے ڈی ایس پی بن قاسم ممتاز مگسی اور ایس ایچ او اسٹیل ٹاؤن آغا عبدالرشید کی سربراہی میں ذوالفقار آباد آئل ٹرمینل ٹینکر پارکنگ کے پیچھے غیر قانونی کھاد بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ مارا، چھاپے کے دوران 18 افراد کو حراست میں لے لیا۔ جن کے قبضے سے کیمیکل اور کھاد بنانے کا سامان برآمد ہوا۔ اس حوالے سے ڈی ایس پی بن قاسم ممتاز مگسی نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ گرفتار ملزمان کھاد کے نام پر جعلی اور غیر قانونی کھاد تیار کرکے ٹرکوں کے ذریعے مختلف شہروں میں فروخت کرتے تھے ۔ محکمہ داخلہ کی ٹیم کے ساتھ مل کر کامیاب کارروائی کی، جس میں 18 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ پولیس کا فرض ہے کہ وہ علاقے میں جرائم کی روک تھام کے لیے اپنا کردار ادا کرے ۔ علاقے میں مجرمانہ سرگرمیوں کی روک تھام اور شہریوں کے تحفظ کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، قانون کی خلاف ورزی کرنے والے مجرموں کو کسی صورت بخشا نہیں جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں