سپہ سالارنے پوری قوم کے دل جیت لیے ،ثروت قادری
کراچی(این این آئی)پاکستان دنیا کے تمام ممالک میں وہ واحد ملک ہے جہاں جانباز سپاہی اور ملک کی بقا و سلامتی کے لیے لیے مر مٹنے کا جذبہ رکھنے والی پاک افواج موجود ہے ۔
جیسے بھی حالات پیدا ہو جائیں مگر ہماری افواج کے حوصلے کبھی پست نہیں ہوتے وہ ہمیشہ دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی نظر آتی ہے ۔ان خیالات کا اظہار پاکستان سنی تحریک کے مرکزی صدر انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری نے معززین شہر سے ملاقات کے موقع پر کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ سپہ سالار پاک فوج نے پوری پاکستانی قوم کے دل جیت لیے ہیں۔جس طرح آرمی چیف نے شریعت اور آئین کی بالادستی کی بات کی ہے یہ اس بات کی دلیل ہے کہ پاکستان کلمے کی بنیاد پر وجود میں آیا ہے ۔یہ پوری قوم کے لیے اعزاز کی بات ہے کہ ہر شخص اپنے خیالات کا اظہار بلا خوف و خطر کھل کر کرتا ہے ۔اور ہمارے محافظ ہمیشہ ہماری سرحدوں کے ساتھ ساتھ ہماری بھی حفاظت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کے خیالات جان کر پوری پاکستانی قوم اب یہ جان گئی ہے کہ ملک میں کوئی بھی اسلام کے منافی کام کرے گا تو وہ نہ تو پاکستانی ہیں اور نہ ہی مسلمان۔اور دشمنان اسلام اب یہ جان لیں کہ وہ کسی کی بھی شان میں گستاخی کریں گے تو انہیں منہ توڑ جواب دینے کے ساتھ ساتھ مقام عبرت بنا دیا جائے گا۔