دوست ممالک سے معاہدوں پر جلد عمل ہوگا، گورنرسندھ

دوست ممالک سے معاہدوں پر جلد عمل ہوگا، گورنرسندھ

کراچی (این این آئی)گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ دوست ممالک سے معاہدوں پر جلد عمل درآمد ہونے جارہا ہے ،انشاء اللہ آئی ایم ایف پروگرام سے بھی جلد نکل آئیں گے ،کسی کو گھبرانے کی ضرورت نہیں اچھے دن آنے والے ہیں۔

پاکستان معاشی بحران سے جلد نکل آئے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے انڈس موٹرکمپنی کے دورہ کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ اس دورہ میں گورنرسندھ نے کمپنی کے پلانٹس، مینوفیکچرنگ اور مختلف شعبہ جا ت کاجائزہ بھی لیا ۔ گورنرسندھ نے مزید کہا کہ 20 برس کی صنعتی پالیسی کا اعلان کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ایک سوا ل کے جواب میں گورنرسندھ نے کہا کہ سولر اور تھر کول انرجی پر منتقل ہوکر بجلی کے مسائل بہت حد تک حل کئے جاسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وفاق اور وزیراعلیٰ سندھ کو خط لکھا ہے کہ عوام کو بجلی پر خصوصی پیکیج دیں۔ انہوں نے کہا کہ انڈس موٹر کمپنی جس لگن اور محنت سے کام کررہی ہے وہ شاندار ہے، 35 بین الاقوامی کمپنیوں کو کمپنی کی جانب سے ٹیکنیکل معاونت فراہم کرنا قابل فخر اقدا م ہے جبکہ کمپنی کے تعلیم، صحت اور روڈ سیفٹی پروگرام خوش آئند ہیں بلا شبہ صنعتی فعالیت میں ہر ایک کا شاندار کردار ہے ۔ اس سے قبل گورنرسندھ جب انڈس موٹر کمپنی پہنچے تو ان کا کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر اور عملہ نے پرتپا ک استقبال کیا ۔ کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر نے بریفنگ دیتے ہوئے گورنر سندھ کو بتایا کہ پاکستان کی پہلی ہائی برڈگاڑی تیار کرلی گئی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں