شہر میں پانی کا بد ترین بحران،سرکاری واٹر ہائیڈرنٹس بھی بند

شہر میں پانی کا بد ترین بحران،سرکاری واٹر ہائیڈرنٹس بھی بند

کراچی (اسٹاف رپورٹر)دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کے بڑے بریک ڈائون اس کے نتیجے میں پانی کی لائنوں کے پھٹنے کے بعد کراچی میں پانی کا بحران پیدا ہوگیا شہری منگل کو پانی کی بوند بوند کوترستے رہے لائنوں میں پانی کی عدم فراہمی کے علاوہ شہر کے متعدد سرکاری ہائیڈرنٹس بھی بند ہوگئے تھے۔

 شہر ٹینکرز سروس سے بھی محروم رہے ۔تفصیلات کے مطابق پیر کو مسلسل دو بار دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر اچانک بجلی کا بڑا بریک ڈائون ہوا جس کے نتیجے میں تمام لائنوں متاثر ہوگئیں اور کراچی میں پانی کی سپلائی معطل ہوکر رہے گئی واٹر کارپوریشن کے اعلیٰ حکام نے فوری طور پر مرمتی کام شروع کرادیا لیکن اس تمام صورتحال کے بعد منگل کو کراچی میں پانی کا بحران شدت اختیار کرگیا شہری پانی کی بوند بوند کوترستے رہے ۔ نارتھ ناظم آباد، ایف بی ایریا، گلشن اقبال ، جمشید ٹائون، ناظم آباد ، لیاقت آباد ، گلستان جوہر اور اولڈ سٹی ایریا میں پانی کی سپلائی نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کاسامنا رہا اس کے علاوہ شہر کے متعدد واٹر ہائیڈرنٹس پانی نہ ہونے جبکہ کچھ لوڈشیڈنگ کا شکار ہونے کی وجہ سے بند پڑے تھے ۔ ضلع وسطی کی لاکھوں عوام کیلئے قائم سخی حسن واٹر ہائیڈرنٹس بھی لوڈ شیڈنگ کا شکار ہونے کی وجہ سے تقریباً آٹھ گھنٹے سے زائد بند رہا ۔شہریوں کا کہنا تھا کہ ایک تو لائنوں سے پانی کی عدم فراہمی ہے اوپر سے متبادل طور پر پانی حاصل کرنے کا ذریعہ ہائیڈرنٹس یہ بھی بند ہے ۔ شہریوں نے کے الیکٹرک اور واٹر کارپوریشن حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ بجلی بندش اور پانی کی سپلائی متاثر ہونے کی صورتحال کا نوٹس لیکر فوری اس کو حل کرنے کیلئے اقدامات کریں ۔دوسری جانب سے واٹر کارپوریشن حکام کا کہنا ہے کہ دھابیجی پپمنگ اسٹیشن پر متاثرہ لائنوں کو مرمت کے بعد بحال کردیا گیا ہے اس کے علاوہ کے الیکٹرک حکام کا کہنا ہے کہ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر فالٹس سے متعلق جیسے ہی اطلاع ملتی ہے ٹیم بجلی بحالی کیلئے کام شروع کردیتی ہے کے الیکٹرک بہترین سروس فراہم کرنے کیلئے ہر وقت کوشاں ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں