عمرہ زائرین کی آڑ میں حوالہ ہنڈی کا دھندا بے نقاب،غیر قانونی منی ایکسچینج کرنے والا ملزم گرفتار

عمرہ زائرین کی آڑ میں حوالہ ہنڈی کا دھندا بے نقاب،غیر قانونی منی ایکسچینج کرنے والا ملزم گرفتار

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی تحقیقاتی ایجنسی نے عمرہ زائرین کی آڑ میں حوالہ ہنڈی کا غیر قانونی دھندا کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق حوالہ ہنڈی کے ذریعے عمرہ زائرین کی ہوٹل بکنگ، ٹرانسپورٹ اور دیگر اخراجات کی ادائیگیوں کے انکشاف پر ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی نے غیرقانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔

 ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے احمد اسحاق جہانگیر کی ہدایات پر حوالہ ہنڈی اورغیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث عناصرکے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے ۔کارپوریٹ کرائم سرکل نے ٹریول ایجنسی کے دفتر پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ملزم کو گرومندر سے گرفتار کرلیا جس کی شناخت عبدالجبار کے نام سے ہوئی ہے ۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم ٹریول ایجنسی کی آڑ میں غیر قانونی کرنسی ایکسچینج اور حوالہ ہنڈی میں ملوث تھا اور عمرہ زائرین کی ہوٹل بکنگ، ٹرانسپورٹ اوردیگر اخراجات کی ادائیگیاں بھی حوالہ ہنڈی کے ذریعے کرتا تھا۔اعلامیے کے مطابق ملزم کے خلاف کارروائی خفیہ اطلاع پر عمل میں لائی گئی اور چھاپے کے دوران ملزم سے 63 لاکھ 80 ہزار سے زائد پاکستانی روپے جبکہ 6355 امریکی ڈالر اور 176250 عراقی دینار بھی برآمد ہوئے۔ ملزم کے زیراستعمال موبائل فون سے سعودی عرب رقوم منتقل کرنے کے پیغامات بھی برآمد ہوئے ہیں جبکہ ملزم برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کرسکا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں