ایگری مال منصوبہ،29کروڑ کے فنڈز جاری

ایگری مال منصوبہ،29کروڑ کے فنڈز جاری

سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے بتایا کہ ایگری مال منصوبہ کیلئے پنجاب حکومت نے 29 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کر دیئے ہیں۔

رسالہ نمبر5 پر ایگری مال کی تعمیر تجویز دیدی گئی ہے ، کاشتکاروں کو ایک ہی چھت نیچے کنٹرول ریٹس پر اعلی کوالٹی کے بیج، کھادیں اور زرعی ادویات سمیت دیگر ضروری اشیائے دستیاب ہوں گئیں،یہ منصوبہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا سرگودہا کے کاشتکاروں کے لیے تحفہ ہے وہ ڈائریکٹر زراعت شاہد حسین اور ڈائریکٹر سٹرس ریسرچ انسٹیٹیوٹ عبد الرحمان کی جانب سے دی گئی بریفنگ میں اظہار خیال کررہے تھے ۔ کمشنر کا کہنا تھا کہ مستحکم کاشتکار ہی مضبوط ملکی معیشت کی ضمانت ہے ۔ حکومت پنجاب نے کسانوں کی فلاح وبہبود اور زراعت کی ترویج کے لیے انقلابی پروگرام متعارف کروائے ہیں جن سے کاشتکاروں کو حقیقی معنوں میں مستفید ہونے کے لیے زراعت سمیت متعلقہ محکموں کا کردار انتہائی اہم ہے ۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ز راعت نے ڈویژنل زرعی ایڈوائزی کمیٹی ، ڈویژنل زرعی ٹاسک فورس اور ڈویژنل کاٹن اینڈ رائس مینجمنٹ کمیٹیوں بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے چاروں اضلاع میں ربیع اور خریف کی فصلوں اور پیداوار بارے آگاہ کیا۔ انہوں نے کسان سہولت سنٹر، وزیر اعلیٰ پنجاب کا زرعی شعبہ کی ترقی کے لیے ایگری کلچرل ٹرانسفارمیشن پلان، کسان کارڈ ، گرین ٹریکٹر اسکیم اور انسداد سموگ سرگرمیوں اور جعلی زرعی ادویات ،کھادوں اور بیج فروخت کرنے والوں کے خلاف ایکشن بارے آگاہ کیاکمشنر کا کہنا تھا کہ سرگودہا میں صنعتوں کے فقدان کے باعث سٹریس زرمبادلہ کا اہم ذریعہ ہے لہذا پیداوار میں کمی کے رحجان کے لیے ہنگامی اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ جلد سٹریس ریسرچ انسٹیٹیوٹ کا دورہ کرکے اس حوالے سے تفصیلی بریفنگ لیں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں