ہم زندہ قوم ہیں ،پاکستان ہمیشہ قائم رہے گا،وزیراعلیٰ

ہم زندہ قوم ہیں ،پاکستان ہمیشہ قائم رہے گا،وزیراعلیٰ

کراچی(این این آئی)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ہم اپنے شہیدوں کو ہمیشہ یاد رکھتے ہیں، ہم زندہ قوم ہیں اور پاکستان ہمیشہ قائم و دائم رہے گا۔

یہ بات انہوں نے یوم دفاع پاکستان کے موقع پر وزیراعلی ہاؤس سے جاری اپنے پیغام میں کہی۔ وزیراعلی سندھ نے یوم دفاع پاکستان کے موقع پرافواج کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ 6 ستمبر 1965 کے دن ہماری افواج نے نہ صرف بہادری سے دشمن کا مقابلہ کیا بلکہ اسے پسپا کردیا اور ہم اس دن کو ہر سال بڑی عقیدت و جوش سے مناتے ہیں۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان کی دفاعی صلاحیت ناقابل تسخیر ہے ۔ 6 ستمبر 1965 کو دشمن کا اچانک حملہ خود اس کے لیے ندامت کا سبب بنا۔ محمد محمود عالم نے ایک منٹ میں دشمن کے 5 جنگی جہاز تباہ کردیئے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس دن ہمارے بہادر جوانوں نے ملک کی حفاظت کے ساتھ ساتھ لاکھوں محب وطن لوگوں کی زندگیاں بھی محفوظ کیں۔ یہ دن ثابت کر تا ہے کہ ہم ایک زندہ قوم ہیں اور ہم اپنے شہیدوں کو ہمیشہ یاد رکھتے ہیں، جنہوں ہمارے آج کے لیے اپنے کل کو قربان کیا۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ پاک فوج مادرِ وطن کے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے ؛ ہم اپنی افواج کے شانہ بشانہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک بار پھر پاکستان انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے ، جس پر ہمیں متحد ہونے کی ضرورت ہے ۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ قائم و دائم رہے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں