دوران ڈیوٹی سوشل میڈیا کے استعمال پر کارروائی معطل پولیس اہلکاروں کی تعداد 18 ہو گئی

دوران  ڈیوٹی  سوشل  میڈیا  کے  استعمال  پر  کارروائی  معطل  پولیس  اہلکاروں  کی  تعداد  18 ہو گئی

کراچی(این این آئی)کراچی پولیس نے دوران ڈیوٹی سوشل میڈیا کے استعمال پر کارروائی کا دائرہ وسیع کر دیا۔ایڈیشنل آئی جی کراچی نے دوران ڈیوٹی سوشل میڈیا استعمال کرنے پر مزید 12 اہلکاروں کو معطل کر دیا۔ معطل کیے گئے ۔۔

اہلکاروں میں 3خواتین اور 9 مرد شامل ہیں۔گزشتہ روز بھی 6 اہلکاروں کو معطل کیا گیا تھا اور اب تک معطل کیے گئے اہلکاروں کی تعداد 18 ہو گئی ہے ۔ معطلی سے متعلق باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کیے گئے ہیں۔درخشاں تھانے کی لیڈی کانسٹیبل منیما اور فیڈرل بی صنعتی ایریا تھانے کی لیڈی کانسٹیبل فضا فاطمہ ،پریڈی تھانے کے ہیڈ کانسٹیبل محمد جاوید جمالی ، مددگار 15 کے 2 کانسٹیبلز محمد قاسم خٹک اور محمد ذیشان کے علاوہ شاہ فیصل کالونی میں تعینات کانسٹیبل عابد علی کو معطل کر کے متعلقہ زونل ہیڈ کوارٹر تبادلہ کر دیاگیا۔انسپکٹر جنرل سندھ پولیس غلام نبی میمن نے ایڈیشنل آئی جی کراچی، زونل ڈی آئی جیز و ایس ایس پیز کراچی کو احکامات جاری کیے ہیں۔آئی جی سندھ نے ہدایت کی ہے کہ بے ہودہ، ذومعنی وائس اوور، پلے بیک سانگ پر مشتمل ویڈیو پر کارروائی کی جائے ایسے پولیس ٹک ٹاکرز کیخلاف فی الفور محکمانہ اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔انہوں نے کہا کہ ایسی ویڈیوز بنا کر پولیس کی بدنامی کاباعث بننے والوں کی محکمے میں کوئی گنجائش نہیں، محکمہ پولیس ایک یونیفارم ڈسپلن فورس ہے پولیس وردی کا احترام ہم سب پر لازم ہے ۔انہوں نے کہاکہ مرد اور خواتین پولیس ملازمین کو ٹک ٹاک پر ویڈیو اپ لوڈ نہ کرنے کا پابند بنایا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں