قومی ہیروز نے دفاع وطن کیلئے جانیں نچھاورکردیں،دھاریجو
لاڑکانہ(بیورورپورٹ)صوبائی وزیر تجارت و صنعت جام اکرم اﷲ دھاریجو نے کہا ہے کہ آزادی ایک نعمت ہے ، ہمارا ملک 1947 میں آزاد ہوا اور ہمیں اس آزادی کی قدر کرنی چاہیے ۔
بیگم نصرت بھٹو ٹاؤن ہال جناح باغ لاڑکانہ میں یوم دفاع پاکستان کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ 6 ستمبر 1965 کو دشمن نے ہم پر جنگ مسلط کی اور ہمارے ہیروز نے آپ کے اور ہمارے مستقبل کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا دشمن ہمیشہ اس ملک کو کمزور کرنے کی کوشش کرتا ہے لیکن ہماری پاک فوج اس کا بھرپور جواب دیتی ہے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے خوشی ہے کہ یہاں کی ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ بہترین کام کر رہی ہے ،اساتذہ اس سلسلے میں بچوں کو آگاہ کریں ۔ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ ڈاکٹر شرجیل نور چنا نے کہا کہ بچے ہمارا مستقبل ہیں، ہمیں ملک کی آزادی اور ترقی کے لیے جدوجہد کرنی چاہیے ، میں ان ماؤں کو سلام پیش کرتا ہوں جو ایسے بچوں کو جنم دیتی ہیں۔ تقریب میں کمشنر لاڑکانہ غلام مصطفیٰ فل بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر محکمہ تعلیم کے حکام کا کہنا تھا کہ 6 ستمبر کو ہماری افواج نے پاکستان کے دشمن کا مقابلہ کیا اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، ہم انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ تقریب میں ٹیبلو پیش کرنے والے مختلف اسکولوں کے طلباء و طالبات میں ٹرافیاں اور شیلڈز تقسیم کی گئیں، اس سے قبل یوم دفاع پاکستان کے سلسلے میں ریلی بھی نکالی گئی جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ ڈاکٹر شرجیل نور چنا، اسسٹنٹ کمشنر لاڑکانہ راجہ خان قریشی ودیگر نے کی ۔