تنخواہوں سے محروم ضلع کونسل سکھر کے ملازمین کی احتجاجی ریلی
سکھر(بیورو رپورٹ)ضلع کونسل سکھر کے ملازمین نے تنخواہ کی عدم ادائیگی کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی، شرکا نے اکاؤٹنٹ آفیسر سمیت ایڈمنسٹریشن کیخلاف شدید نعریبازی کی ، ملازمین کو تنخواہ جاری کرنے کا مطالبہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ضلع کونسل ایمپلائز لیبر یونین سکھر کے تحت ملازمین نے تنخواہ کی عدم ادائیگی کیخلاف کام چھوڑ کر ڈسٹرکٹ کونسل آفس سکھر پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی اور تنخواہ کی عدم فراہمی کیخلاف شدید نعرے بازی کی ۔ریلی کی قیادت یونین رہنماؤں صدر عبدالمجید جسکانی،طارق حسین سولنگی، مظفر جونیجو، ہاشم و دیگر کر رہے تھے ۔ اس موقع پر رہنماؤں نے ملازمین کو تنخواہ نہ ملنے والے عمل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کونسل کے نااہل اور کرپشن میں ملوث اکاؤٹنٹ فراز شاہ،ایڈمنسٹریٹر علی گلزار قاضی کی ناقص کارکردگی کی بدولت ملازمین تنخواہوں سے محروم کردیے گئے ہیں جس کی وجہ سے یہ شدید پریشان ہیں اور ملازمین کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہو گئے ہیں جو سراسر ظلم وزیادتی ہے ۔رہنماؤں نے چیف جسٹس ، سیکریٹری لوکل گورنمنٹ،وزیر بلدیات سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے ملازمین کوتنخواہ نہ ملنے کا نوٹس لیکر جلد از جلد تنخواہیں جاری کرنے کے احکامات دینے کا مطالبہ کیا۔