سیوریج لائن میں دھماکا ، ویلڈنگ پلانٹ پھٹ گیا ، 5 افراد زخمی
کراچی(اسٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)شہر قائد کے علاقے نئی سبزی منڈی میں سیوریج لائن میں ہولناک دھماکا ہوا ہے ۔۔
جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوگئے جبکہ کیمیکل فیکٹری میں ویلڈنگ پلانٹ پھٹنے سے 3مزدور زخمی ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق نئی سبزی منڈی، کراچی میں سیوریج لائن میں دھماکے سے دو افراد زخمی ہو گئے ، یہ دھماکا ایک بینک کے باہر ہوا، جس کی شدت سے اطراف کی دکانوں اور عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے ۔دھماکے سے متعدد گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے ، دھماکے کے نتیجے میں سڑک مکمل طور پر پھٹ گئی ہے ، اور نئی سبزی منڈی کا علاقہ تباہی کا منظر پیش کرنے لگا، حادثے کے نتیجے میں ابتدائی طور پر دو افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔سی سی ٹی وی فوٹیج میں بینک کے باہر زوردار دھماکا ہوتے دیکھا جا سکتا ہے ، دھماکے کے بعد بھگدڑ مچ گئی، اور علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔دھماکا ہوتے ہی نالے پر بنا فرش اکھڑ گیا، اور وہاں کھڑی ایک موٹر سائیکل اڑ کر فضا میں بلند ہو گئی اور واپس کار کی چھت پر آ گری، بینک کے باہر تعینات سیکیورٹی گارڈ بال بال بچا، جو دھماکے سے قبل بینک کے سامنے چکر لگا رہا تھا اور عین دھماکے سے چند لمحے قبل دھماکے کے مقام پر آ کر رک گیا تھا۔دھماکا ہوتے ہی گرد و غبار اٹھتا دیکھا جا سکتا ہے ، دھماکے کی شدت اور وجوہ جاننے کے لیے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کر لیا گیا ہے ۔دوسری جانب سائٹ سپر ہائی وے انڈسٹریل ایریا میں قائم زیر تعمیر کیمیکل کی فیکٹری میں کام کے دوران ویلڈنگ پلانٹ پھٹنے سے تین مزدور زخمی ہوگئے اطلاع ملتے ہی ریسکیو ادارے کے اہلکار اور پولیس موقع پر پہنچی اور زخمی ہونے والے تینوں افراد کو ریسکیو ادارے کی ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید ہسپتال منتقل کر دیا گیا زخمیوں کی شناخت 22 سالہ ساجد،52 سالہ مقصود اور 32 سالہ الیاس کے ناموں سے ہوئی ہسپتال انتظامیہ کے مطابق تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے ۔