سکھر:کئی برس سے ٹریفک جام کا مسئلہ حل نہ ہو سکا،شہری پریشان
سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر شہر میں ٹریفک جام کا مسئلہ حل نہ ہو سکا، ٹریفک جام معمول بن گیا،مسافر گاڑیوں سمیت عام شہریوں کو تکلیف کا سامنا ہے ۔
تفصیلا ت کے مطابق سکھر میں کئی برس سے ٹریفک جام کا مسئلہ اب تک حل نہیں ہو سکا ہے ، ٹریفک جام رہنا معمول بن چکا ہے ، جس کے باعث جہاں مسافر گاڑیوں کو پریشانی کا سامنا ہے وہیں شہریوں کوبھی آمد و رفت میں شدید مشکلات ہیں۔ تجارتی و کاروباری مراکز، اہم شاہراہوں سمیت سکھر کے مصروف ترین تجارتی مراکز اور مارکیٹوں میں دکانوں کے باہر قائم تجاوزات، سامان اور غلط پار کنگ کی وجہ سے صبح اور شام کے اوقات میں کئی گھنٹے تک ٹریفک جام رہتا ہے ۔ چند روز قبل سکھر انتظامیہ بالخصوص پولیس نے ٹریفک مسائل کے حل کیلئے ٹریفک فورس میں اضافی نفری بھی تعینات کی لیکن افسوس شہر کی مختلف شاہراہوں پر ٹریفک اہلکاربھی گاڑیوں کی روانی برقرار رکھنے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں ، جبکہ کئی مقامات پر تو ٹریفک اہلکار تعینات ہی نہیں،جس کی وجہ سے شہریوں کو ٹریفک جام کے مسائل سے گزرنا پڑ رہا ہے ۔ ٹریفک کے بڑھتے مسائل پر شہری و سماجی حلقوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکام بالا سے اپیل کی ہے کہ ٹریفک جام کے مسائل کے حل کیلئے موثر پالیسی بنا کر شہریوں کو درپش مشکلات سے نجات دلائی جائے ۔