پیپر چیکنگ ڈیجیٹائز کرنیکی حکمت عملی مرتب کرلی، علی ملکانی

پیپر چیکنگ ڈیجیٹائز کرنیکی حکمت عملی مرتب کرلی، علی ملکانی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر جامعات و بورڈز محمد علی ملکانی نے کہا ہے کہ سندھ کی یونیورسٹیز تحقیق و مشاہدے کو فروغ دینے کیلئے کوشاں ہیں اور اس معاملے میں سندھ حکومت کا محکمہ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز یونیورسٹیز کے اساتذہ،محققین اور طلبا کی بھرپور حوصلہ افزائی اور سپورٹ جاری رکھے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایکسپو سینٹر میں الیکٹریکل،الیکٹرونکس اینڈ انڈسٹریل ایگزبیشن میں مہمان خصوصی کی حیثیت میں خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مختلف یونیورسٹیز اور بدر ایکسپو کے اشتراک سے منعقدہ نمائش کے موقع پر وزیر جامعات و بورڈز محمد علی ملکانی کو داؤد یونیورسٹی کی وائس چانسلر ڈاکٹر ثمرین اور علما یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے نمائش کا دورہ کروایا اور طلبا کی طرف سے نمائش میں پیش کیے گئے پروجیکٹس کے بابت بریفنگ دی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر جامعات محمد علی ملکانی نے کہا کہ محکمے کا چارج سنبھالتے ہی انہوں نے امتحانات کے سسٹم میں انسانی مداخلت کم کرنے اور پیپر چیکنگ کے عمل کو ڈیجیٹائز کرنے کی حکمت عملی مرتب کرلی ہے ۔ جب چارج لیا تو بتایا گیا کہ کافی عرصے سے صوبے کی بیشتر یونیورسٹیز میں مستقل وائس چانسلر نہیں تھے اور ابھی پچھلے ہفتے ہی سندھ حکومت نے پانج یونیورسٹیز میں مستقل وائس چانسلرز مقرر کیے ہیں۔محمد علی ملکانی نے ایکسپو میں حصہ لینے والے طلباء و اساتذہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت آپ سے ہر ممکن تعاون کرے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں