اقوام متحدہ وفد کی حکومت کو مکلی قبرستان کی بحالی کیلئے مدد کی یقین دہانی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)اقوام متحدہ کے وفد نے انسانی امور کے کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ کی قیادت میں چیف سیکریٹری سندھ سے ملاقات کی جس میں مکلی قبرستان کے تحفظ اور بحالی کیلئے اقوام متحدہ اور حکومت سندھ کے درمیان تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اقوام متحدہ کے 8 رکنی وفد نے چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ سے تاریخی مکلی قبرستان، لیونگ انڈس، موسمیاتی تبدیلی اور دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ نے 2022 کے سیلاب متاثرین کی بحالی میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ کمشنرز کو سندھ میں حالیہ بارشوں سے ہونے والے نقصانات کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی ۔ وفد نے سندھ میں موسمیاتی ڈائیلاگ منعقد کرنے کی تجویز دی ۔آصف حیدر شاہ نے کہا کہ عالمی ورثہ مکلی قبرستان کے تحفظ کیلئے بین الاقوامی اداروں کی مدد کی ضرورت ہے جس پر وفد نے یقین دہانی کرائی کہ مکلی قبرستان کے تحفظ اور بحالی کے لیے مدد فراہم کی جائے گی۔