حضور اکرم ؐکی حیات مبارکہ کا روشن پہلو طرزحکمرانی،زاہد علی
کراچی(پ ر)شوریٰ ہمدرد کراچی کا ماہانہ اجلاس گزشتہ روز ‘‘سیرت النبی ؐکی روشنی میں مسلم حکمرانی کے راہنما اصول’’ کے موضوع پر ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کی صدر سعدیہ راشد کی زیر صدارت ہمدرد کارپوریٹ ہیڈ آفس میں منعقد ہوا۔
مہمان مقرر پروفیسر ڈاکٹر زاہد علی زاہدی ڈین فیکلٹی آف اسلامک اسٹڈیز، کراچی یونی ورسٹی نے کہاکہ آپ ؐ کی حیات مبارکہ کا ایک درخشاں اور روشن پہلو طرزحکمرانی ہے ۔آپ ؐ نے ریاست مدینہ کے نام سے دنیا کی پہلی رفاہی اور فلاحی ریاست قائم کی۔ بطور حکمران نبی کریمؐ کی سماجی مسائل سے نمٹنے کی حکمت عملی اور فہم و فراست نہ صرف مسلم اکثریتی ممالک بلکہ دنیا کے تمام ممالک کے لیے بہترین انتظامی ماڈل ہے ۔ سینیٹر عبدالحسیب خان نے کہاکہ اُسوہ حسنہ ؐ پر مکمل طور پر عمل کرنے کی ضرورت ہے ۔ ظفر اقبال نے کہاکہ جمہوریت کی اساس میثاق مدینہ اور مجلس شوریٰ ہے ۔ ڈاکٹر عامر طاسین نے کہاکہ ہمیں اتنا حوصلہ پیدا کرنا ہوگا کہ اپنا احتساب کریں اور پرکھیں کہ کیا ہم اپنے خاندان، رشتوں، لین دین اور دیگر سماجی معاملات میں انصاف کو ملحوظ خاطر رکھتے ہیں یا نہیں۔ اجلاس سے ڈپٹی اسپیکر کرنل (ر)مختار احمد بٹ،عثمان دموہی ، شہلا احمد، پروفیسر ڈاکٹر تنویر خالد، انجینئر ابن الحسن اور دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔ ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کے ڈائریکٹر سید محمد ارسلا ن بھی اجلاس میں شریک ہوئے ۔ اجلاس میں قائد اعظم محمد علی جناح کی یوم وفات ۱۱ستمبر کی مناسبت سے فاتحہ خوانی کی گئی۔شرکاء نے شہید پاکستان حکیم محمد سعید کو اُن کی خدمات پر خراج عقیدت پیش کیااور علیل رُکن شمیم کاظمی کی بحالی صحت کے لیے دعا کی۔ نظامت کے فرائض کرنل(ر)مختار احمد بٹ نے انجام دیے ۔