ٹیلنٹ کو سامنے لانااولین ترجیح ہونی چا ہیے ،گورنرسندھ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ موجودہ حکومت ایسے اقدامات کی حمایت کیلئے پرعزم ہے جو ترقی میں جدت کو فروغ دیتے ہیں۔ ہمیں تعلیم کے فروغ کے ضمن میں بھرپور اقدامات کرنا ہوں گے ،اس ضمن میں حکومت تعلیم کے فروغ کیلئے شب و روز کام کررہی ہے ۔
پاکستان میں ٹیلنٹ کو سامنے لانا ہماری اولین ترجیح ہونی چا ہیے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایکسپو سینٹر میں آئی ای ای ای پی 24کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں منیجنگ ڈائریکٹر بدر ایکسپو سلو شنززوہیر نصیر، چیئرمین آئی ای ای ای پی کراچی سینٹر انجینئر نوید اکرم انصاری بھی موجود تھے ۔ تقریب کے منتظمین نے گورنرسندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس تقریب میں 45ممالک سے 250 مندوبین نے شرکت کی۔ طلبائکیلئے 35 اسٹالز بغیر کسی معاوضہ لگائے گئے ۔ گورنرسندھ نے مزید کہا کہ اسلام کی ابتدائلفظ اقرائسے ہوئی اس سے اندازہ لگائیں کہ تعلیم کا کس حد تک حکم دیا گیا۔اگر ہم اپنے قومی ترانے کے الفاظ پر عمل کریں تو ملک مزید ترقی کی جانب گامزن ہوسکتا ہے ۔ہم سب کو بانیان پاکستان کے خوابوں کی تعبیر پوری کرنی ہے ۔گورنر نے کہا کہ کراچی ایکسپو سینٹر میں 3 روزہ انسٹیٹیوٹ آف الیکٹریکل اینڈ الیکٹرانکس انجینئرز آف پاکستان فیئر 2024ئکا انعقاد خوش آئند ہے ۔تقریب کی کامیابی منتظمین کے لگن ، محنت اور وژن کی عکاس ہے ۔۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایونٹ پاکستان میں انجینئرنگ کی بے پناہ صلاحیت اور روشن مستقبل کا ثبوت ہے ۔