دہشت کی علامت کھجی گراؤنڈ میں نیا پارک تعمیر کرنے کا فیصلہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)ماضی میں خوف و دہشت اور بوریوں میں لاشیں ملنے کے حوالے سے بدنام کھجی گرائونڈ ناظم آباد پر کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی توجہ دینے کیلئے تیار ہوگئی ہے کھجی گرائونڈ میں نیا پارک و گرائونڈ حکومت سندھ کی (اے ڈی پی )اسکیم کے تحت تعمیر کیا جائے گا۔
جبکہ گلستان جوہر منور چورنگی پر انڈر پاس ، شاہراہ جہانگیر لنڈی کوتل سے یاسین آباد، گجرنالہ کے اطراف سڑکوں کی بحالی و تعمیر سمیت 21 سے زائد منصوبوں کیلئے 10ارب روپے سے زائد کے ٹینڈرز طلب کرلیے گئے ٹینڈرز طلبی کا عمل تاریخ میں پہلی بار کے ڈی اے کی ویب سائٹ اور فیس بک پیچ پر لائیو دکھایا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے ) کے تحت شہر کے اہم منصوبوں کی تکمیل کیلئے بدھ کو سوک سینٹر میں 10ارب روپے کے ٹینڈرز طلب کیے گئے ۔کے ڈی اے انتظامیہ نے ٹینڈرز طلبی کیلئے منعقد اجلاس کو کے ڈی اے کی ویب سائٹ اور فیس بک پر لائیو نشر کیا کے ڈی اے حکام کے مطابق ٹینڈرز طلبی کے عمل کو پہلی بار لائیو نشر کیا جارہا ہے تاکہ یہ پورا عمل صاف و شفاف رہے کوئی بھی اس عمل پر اعتراض نہ اٹھاسکے ۔ کے ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ کے ڈی اے کی زیر نگرانی گلستان جوہر منور چورنگی انڈر پاس کی تعمیر، کھجی گرائونڈ ناظم آباد میں پارک و گرائونڈ کی تعمیر، ضلع وسطی میں شاہراہ جہانگیر کی لنڈی کوتل سے یاسین آباد تک ازسر نو تعمیر ، گجر نالہ کے اطراف سڑکوں کی تعمیر، ضلع کورنگی میں دس ہزار اور تین ہزار روڈ کی بحالی و تعمیر، لیاری ٹائون کی مختلف اسٹریٹس میں نئے بلاکس لگانے کا کام اور ضلع ملیر کی لائبریوں اور سڑکوں کی مرمت و بحالی کا کام سمیت کئی اہم منصوبوں کو مکمل کیا جائے گا ان تمام کاموں کیلئے ٹینڈرز طلب کرلیئے گئے ہیں۔10ارب روپے مالیت کے ٹینڈرز طلبی میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے ۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ کے ڈی اے کے موجودہ متعلقہ افسران نے ٹینڈرز طلبی کے دوران تمام دبائو اور مداخلت کو مسترد کردیا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلع ملیر اور جنوبی کے کاموں کو حاصل کرنے کیلئے کچھ بااثر عناصر نے سیاسی شخصیات کا نام استعمال کرنے کی کوشش کی لیکن کے ڈی اے حکام نے قوانین کے تحت ٹینڈرز طلبی کے عمل کو جاری رکھا۔