حوالہ ہنڈی،غیر قانونی خریدوفروخت،جیولرشاپ کا مالک گرفتار،116تولہ سونا بر آمد
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے )اینٹی کرپشن سرکل نے گلشن اقبال کے علاقے میں حوالہ ہنڈی اور غیرملکی کرنسی کی غیر قانونی خرید و فروخت کے الزام میں جیولر شاپ پر کارروائی کے دوران 3کروڑ سے زائد مالیت کے 116 تولہ سے زائد گولڈ بارز برآمد کر لیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق ذرائع نے بتایا ہے کہ ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نے گلشن اقبال کے علاقے میں جیولر شاپ پر کارروائی کی اور اس دوران مبینہ طور پر حوالہ ہنڈی اور غیرملکی کرنسی کی غیرقانونی خرید وفروخت میں ملوث جیولرز شاپ کے مالک کوگرفتار کر لیا۔انہوں نے کہا کہ جیولرزشاپ سے کسی خریداری رسید کے بغیر موجود 116 تولے سے زائد وزن کی گولڈ بارز برآمد کرلیے گئے ہیں۔ برآمد کی گئی مذکورہ گولڈ بارز کی مالیت 3 کروڑ 11 لاکھ روپے سے زائد بتائی جاتی ہے ۔ذرائع کے مطابق جیولر شاپ سے 88 لاکھ روپے سے زائد پاکستانی کرنسی اور2ہزار 870 امریکی ڈالرز بھی برآمد کرلیے گئے ہیں اور ملزم کے موبائل فون سے فارن کرنسی کی خریدوفروخت کے پیغامات اور مختلف چیک بکس برآمد کیے گئے ہیں۔ایف آئی اے ذرائع نے بتایا کہ گرفتار ملزم کے خلاف مقدمے کے اندراج سمیت مزید کارروائی کی جارہی ہے ۔یاد رہے کچھ روز قبل ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل نے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ملزم بہزاد عالم کو کراچی کے علاقے صدر سے گرفتار کیا تھا ۔چھاپے کے دوران ملزم سے 10 کروڑ 24 لاکھ سے زائد پاکستانی روپے ، 51850 امریکی ڈالر، 1500 آسٹریلین ڈالر اور 250 درہم بھی برآمد ہوئے تھے ۔