بارہ ربیع الاول کے حوالے سے پولیس کا سکیورٹی پلان جاری

بارہ ربیع الاول کے حوالے سے پولیس کا سکیورٹی پلان جاری

کراچی(اسٹاف رپورٹر)بارہ ربیع الاول کے حوالے سے پولیس نے سکیورٹی پلان جاری کردیا۔ پلان کے مطابق 12 ربیع الاول کے روز مرکزی جلوس کے راستوں اور گزرگاہوں سمیت مرکزی جلوس کی نگرانی اور سکیورٹی کیلئے مجموعی طور پر پولیس کے 4332 افسران و جوان موجود رہیں گے۔

کراچی پولیس کے 87 سینئر افسران سمیت 706 این جی اوز، 3374 ہیڈ کانسٹیبل/کانسٹیبل جبکہ سکیورٹی ڈویژن کے اہلکاروں سمیت اسپیشل سکیورٹی یونٹ کے کمانڈوز بھی ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔ایس ایس یو کے ماہر اسنائپرز مرکزی جلوس کے اطراف اور گزرگاہوں پر تعینات کئے گئے ہیں۔نشتر پارک کی سکیورٹی ڈیوٹی پر 449 افسران و ملازمان اپنی ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دینگے ۔76 پولیس موبائلیں، 70 موٹر سائیکلز سمیت 160 پولیس وہیکلز بمعہ اے پی سیز سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور ہوں گی۔ اسپیشل سکیورٹی یونٹ کی ٹیمیں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔کراچی پولیس کے سینئر افسران سمیت پولیس کے جوانوں کی بھاری نفری 12 ربیع الاول کے جلوسوں اور محافل کی نگرانی پر مامور ہیں۔بارہ ربیع الاول کے جلوس کیلئے ترتیب دیئے گئے ٹریفک کے متبادل روٹس سمیت مرکزی جلوس کے راستوں اور گزرگاہوں پر ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کیلئے ٹریفک پولیس کے افسران و جوان تعینات کئے گئے ہیں تاکہ عوام کو کسی بھی پریشانی سے محفوظ بنا کر ٹریفک کو رواں دواں رکھیں۔کراچی پولیس جلوسوں اور محافل میں شرکت کرنے والے عاشقان رسول ؐکو مکمل سکیورٹی فراہم کر رہی ہے ۔عوام سے اپیل ہے کہ کسی بھی مشکوک اور غیر معمولی صورت حال سے پولیس کو مددگار 15 پر فوری اطلاع دیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں