یکم جولائی سے نئی گاڑیوں کی رجسٹریشن کیلئے بائیو میٹرک تصدیق لازمی قرار

یکم   جولائی  سے  نئی  گاڑیوں   کی  رجسٹریشن  کیلئے  بائیو میٹرک  تصدیق لازمی  قرار

کراچی (اسٹاف رپورٹر)محکمہ ایکسائز حکومت سندھ نے اہم قدم اٹھاتے ہوئے گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹرانسفرز کے لئے بائیو میٹرک تصدیق لازمی کردی ہے ۔ سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے۔۔

 کہ اب تمام نئی اور پرانی گاڑیوں کو رجسٹریشن یا ٹرانسفر کے عمل کے دوران بائیو میٹرک تصدیق لازمی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ نئی پالیسی کے تحت تبدیلی تین مرحلوں میں نافذ کی جائے گی، یکم جولائی سے پہلے مرحلے میں نئی گاڑیوں کی رجسٹریشن کے لیے بائیو میٹرک تصدیق لازمی ہوگی، دوسرے مرحلے میں یکم نومبر سے گاڑیاں خرید کرنے والوں کی بائیو میٹرک تصدیق ہوگی، تیسرے مرحلے میں گاڑی فروخت کنندہ اور خرید کنندہ دونوں کی بائیو میٹرک تصدیق کی جائے گی۔ سینئر وزیرنے کہا کہ ہم محکمہ ایکسائز میں تمام عمل کو مزید شفاف بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں، اور یہ صرف شروعات ہے ، حکومت سندھ اس بات کو یقینی بنانا چاہتی ہے کہ سندھ عوامی خدمات میں ڈیجیٹائزیشن کے حوالے سے آگے بڑے ۔ انہوں نے کہا کہ گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹرانسفر میں بائیو میٹرک تصدیق شفافیت کو فروغ دینے میں اہم سنگ میل ہے ، بائیو میٹرک تصدیق سے خریداروں اور فروخت کنندگان کی شناخت ہو سکے گی، گاڑیوں کی غیر قانونی منتقلی اور شہریوں کو دھوکہ دہی یا فراڈ سے بچانے میں مدد ملے گی۔ شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ گاڑیوں کے مالکان بائیو میٹرک تصدیق کے عمل کو مکمل کرنے کے لیے نادرا کے کسی بھی ای سہولت مرکز یا کسی بھی ڈسٹرکٹ ایکسائز آفس سے رجوع کر سکتے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں