نبی ؐکی حیات مبارکہ کے اخلاقِ حسنہ کا پہلو مضبوط،انیق احمد
کراچی (اسٹاف رپورٹر)ممتاز مذہبی اسکالرانیق احمد نے کہا ہے کہ رسالت مآب ؐکی حیات مبارکہ کے دیگر پہلوؤں کی طرح اخلاقِ حسنہ کا پہلو مضبوط اور بے مثل ہے ۔
حضورپرنور ؐکا فرمان ہے کہ میں معلم اخلاق بنا کربھیجا گیا ہوں۔ رسول ؐاللہ نے جو اپنے صحابہ کرام کی تعلیم و تربیت فرمائی اُس کا مقصد اعلا و ارفع اخلاق کا حامل صالح معاشرہ ترتیب دینا تھا۔ان خیالات کا اظہاراُنہوں نے صدر ہمدرد فائونڈیشن پاکستان سعد یہ راشد کی زیر صدارت منعقدہ نونہال سیرت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس کا موضوع ’’نظام تعلیم و تربیت:اخلاق نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کی روشنی میں‘‘تھا۔ کانفرنس میں شہر کراچی کے متعدد اسکولوں کے طلبہ وطالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔اُنھوں نے مزید کہاکہ علم مومن کی میراث ہے ۔ جن کے پاس علم ہے اور جن کے پاس نہیں ہے وہ برابر نہیں ہوسکتے ۔علم وہ ہے جو خوف خدا پیدا کرے ۔سب سے بہترین مسلمان وہ ہے جو علم سیکھے اور سکھائے ۔ نونہال مقررین فاطمہ علی، انابیہ سلیم ، سمیعہ معین، عالیان عابداور پرنور راشد نے کہاکہ اسوۂ رسول اور تعلیماتِ نبوی ؐ کا فلسفۂ تعلیم درحقیقت انسانیت کی تربیت اور کردار سازی ہے ۔تعلیم کے بغیرتربیت ممکن نہیں اور تربیت بغیر تعلیم پورے طور پر موثر نہیں ہوسکتی لہٰذا حصولِ علم کی فرضیت کا حکم اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرتِ طیبہ ہمیں یہ پیغام دیتی ہے کہ ہم اصلاحِ معاشرہ اور لوگوں کی تربیت اورکردار سازی کے لیے اپنا ہر ممکن کردار ادا کریں۔