ارسا ایکٹ میں ترمیم کی مخالفت کرینگے ،معاون خصوصی وزیراعلیٰ

ارسا ایکٹ میں ترمیم کی مخالفت کرینگے ،معاون خصوصی وزیراعلیٰ

میرپورخاص (بیورو رپورٹ) وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی جنید بلند نے کہا ہے کہ ارسا ایکٹ میں مجوزہ ترامیم کی بھرپور مخالفت کی جائے گی ۔۔

اگر ترامیم منظور کی گئیں تو میرپورخاص کے جیالے شدید مزاحمت کریں گے ،ارسا ترامیم کالاباغ ڈیم بنانے کی راہ ہموار کرنا ہے ،اپوزیشن لیڈر عمرایوب کی بلاول بھٹو پر تنقید کی شدید الفاظ کی مذمت کرتے ہیں، سندھ وفاق کو سات ہزار میگاواٹ بجلی دے رہا ہے ، سندھ کو بجلی کی رائلٹی دینے کے بجائے یہاں کے عوام کو اندھیرے میں ڈبو دیاگیا ، سندھ کے عوام کو 50 لاکھ سولر پلیٹس دیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر میئر میرپور خاص عبدالرؤ ف غوری،پی پی کے سینئر نائب صدر اسحاق ناریجو اور دیگر رہنما بھی موجود تھے ۔ انہوں نے مز ید کہا کہ ارسا ترمیم سندھ کے خلاف سازش ہے ، سندھ میں پہلے ہی پانی کی کمی ہے اور یہ ترمیم سندھ کو بنجر بنانے کی سازش ہے ۔ان کاکہناتھاکہ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کو بتانا چاہتے ہیں کہ آپ آمریت کی پیداوار ہیں جبکہ بلاول بھٹو شہیدوں کی جماعت کے چیئرمین ہیں ،ان کے دادا اور والدہ نے جام شہادت نوش کیا،عمر ایوب کے دونوں ہاتھوں میں لڈو ہیں،یہ کے پی کے میں حکومت کے مزے لوٹ رہے ہیں اور مرکز میں اپوزیشن لیڈر کالطف لے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تھرکول سے وفاق کو چھ ہزار میگاواٹ بجلی دے رہے ہیں جبکہ نوری آباد سے ایک ہزار میگا واٹ سسٹم کو جا رہا ہے مگر سندھ کے عوام اندھیرے میں زندگی گزار رہے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں