بیمار جانوروں پر پابندی کیلئے سرحدوں پر ویٹرنری پوسٹیں ضروری ،نجمی عالم
کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے لائیو اسٹاک اینڈ فشریز سید نجمی عالم کی زیر صدارت 20 سالہ لائیو اسٹاک بریڈنگ پروگرام کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔
جس میں محکمہ لائیو سٹاک کے اندر 20 سالہ لائیو اسٹاک بریڈنگ پالیسی کے بارے میں صوبائی مشیر کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ڈاکٹر عبدالمنان کھوکھر نے صوبائی مشیر کو 20 سالہ پروگرام میں آئندہ لائیوا سٹاک بینک سمیت تمام جاری منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ اس موقع پر سید نجمی عالم نے کہا کہ دوسرے صوبوں سے آنے والے جانوروں کو چیک کرنے اور بیمار جانوروں کے داخلے پر پابندی کیلئے سندھ کی سرحدوں پر ویٹرنری پوسٹوں کا قیام ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لائیو سٹاک فارمز کی رجسٹریشن اور گنتی میں تیزی لائی جائے تاکہ ہم دودھ اور گوشت کی پیداوار بڑھانے کے پروگرام کو ترجیحی بنیادوں پر نافذ کر سکیں۔ بریفنگ کے دوران صوبائی مشیر کو بتایا گیا کہ ہمارے پاس افزائش نسل کے پروگرام میں 1400 ٹرینی تیار ہیں۔