ملائیشیا کے سرمایہ کاروں کوجلددعوت دوں گا،گورنر

 ملائیشیا کے سرمایہ کاروں کوجلددعوت دوں گا،گورنر

کراچی(اے پی پی)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان تعلقات کی جڑیں مشترکہ اقدار، باہمی احترام اور پائیدار دوستی پر مبنی ہیں ،انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تبادلہ سے دونوں ممالک کی ثقافت و سیاحت کو سمجھنے میں بڑی مدد مل رہی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملائیشیا کے 67ویں یوم آزادی کی تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں ملائیشیا کے قونصل جنرل ہرمن یاردینا احمد نے گورنر سندھ کا استقبال کیا۔گورنر سندھ نے ملائیشیا کے 67ویں یوم آزادی پر ملائیشیا کی حکومت اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ملائیشیا کی ترقی اور عوامی خوشحالی سے پاکستان استفادہ کر رہا ہے ، ملائیشیا میں متعدد پاکستانی طلباکا اعلیٰ تعلیم کے حصول کے ساتھ ساتھ تعلیمی تبادلوں میں اضافہ خوش آئند ہے ۔گورنر سندھ نے مزید کہا کہ ایس آئی ایف سی منصوبہ کے ذریعہ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن مدد،تعاون اور معاونت فراہم کی جارہی ہے ۔دریں اثنا گورنر سندھ کی ہدایت پر گورنر ہاؤس سے متصل پریس کلب چوک پر پاک ملائیشیاکا پرچم لہرایا گیا، اور اس کے اطراف کو مختلف لائٹوں سے سجایا گیا۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جلد ملائیشیاکا دورہ کروں گا، وہاں کے بزنس مینوں کو پاکستان بالخصوص صوبہ سندھ میں سرمایہ کاری کی دعوت دوں گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں