لیاری کے سرکاری اسکول جرائم پیشہ عناصر کے رحم وکرم پر آگئے
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی کے علاقے لیاری کے سرکاری اسکول جرائم پیشہ عناصر کے رحم و کرم پر آگئے اسکولوں کے سامان کی چوری معمول بن گئی۔
اساتذہ اور طالبات کے مطابق لیاری کا جینوبائی جی الانہ گرلز اسکول علاقے کی غریب طالبات کے لیے تعلیم کا واحد ذریعہ ہے مگر یہ اسکول اب چوروں اور جرائم پیشہ عناصر کے نشانے پر آگیا ہے ۔چوری کے واقعات کی روک تھام کے لیے اساتذہ متعلقہ افسران اور تھانوں کے چکر لگانے پر مجبور ہیں اساتذہ نے الزام عائد کیا کہ اسکول میں چوکیدار کی عدم موجودگی کے باعث روزانہ کی بنیاد پر چوریاں ہورہی ہیں۔اسکول میں گزشتہ رات پھر سے چوری ہوئی ہے اسکول میں آئے دن چوری کے باعث بدھ کی صبح اساتذہ اور طلبہ نے اسکول کے باہر سڑک بند کر کے احتجاج کیا۔مظاہرین کے مطابق اسکول سے اب تک کئی پنکھے ،پانی کی موٹر،اور گرلز چوری ہوچکی ہیں اسکول سے ساٹھ سے زائد پنکھے اور فرنیچر بھی چوری ہوا ہے اسکول میں چھ سو سے زائد طلبہ زیر تعلیم ہیں۔