قبلہ اول کی آزادی کسی پارٹی نہیں پوری امت کا مسئلہ، جماعت اسلامی

قبلہ اول کی آزادی کسی پارٹی نہیں پوری امت کا مسئلہ، جماعت اسلامی

حیدر آباد (بیورو رپورٹ)اسرائیل نے غزہ، فلسطین میں مسلسل جارحیت اور بربریت کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔۔

قبلہ اول کی آزادی پوری امت کا معاملہ ہے ، یہ کسی پارٹی کا مسئلہ نہیں پوری امت کا مسئلہ ہے ،بدقسمتی سے مسلم حکمران اپنا کردار ادا نہیں کر رہے ، سید حسن نصر اﷲ کی شہادت عالم اسلام کے لیے بڑا دھچکا ہے ،دہشت گرد اسرائیل غزہ ، لبنان میں مسلم امہ کے خون کی ہولی کھیل رہا لیکن نام نہاد عالمی انسانی حقوق کے علمبردار اور اقوام متحدہ خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد عقیل احمد خان ، ڈپٹی جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی سندھ حافظ طاہر مجید اور صوبائی رہنما و سابق ایم پی اے عبدالوحید قریشی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل ہزاروں سویلین شہریوں کو شہید کر چکا ،غزہ کی آبادیوں کو وحشیانہ بمباری اور قتل و غارت گر ی کا نشانہ بنا چکا ہے ،اسرائیل نے ایک بار پھر واضح کر دیا کہ اسے قیام امن کی کوششوں سے کوئی دلچسپی نہیں، اسرائیل اس خطے اور عالمی امن کے لیے سنگین خطر ہ ہے ، آرمی چیف سے اپیل ہے اہل فلسطین کی مدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر اسرائیل کی جانب سے غزہ پر حالیہ جارحیت ودہشت گردی کا ایک سال مکمل ہونے پر جماعت اسلامی حیدرآباد کے تحت یکم اکتوبر تا 7اکتوبر اہل غزہ و فلسطین سے اظہار یکجہتی کا ہفتہ منایا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں