چھوٹے کاروبار کی مدد کیلئے گورنرہاؤس میں سیل کا اعلان

چھوٹے کاروبار کی مدد کیلئے گورنرہاؤس میں سیل کا اعلان

کراچی (این این آئی)گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے کاروباری افراد بالخصوص چھوٹے کاروبار کو وسعت دینے اور انہیں ایکسپورٹ کے ضمن میں ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لئے گورنرہاؤس میں خصوصی سیل کے قیام کا اعلان کردیا ہے ۔

 اس خصوصی سیل کے ذریعہ کاروبار ی افراد بالخصوص چھوٹے کاروبار کو درپیش مشکلات کے خاتمہ اور مسائل کے حل میں بھرپور معاونت فراہم کی جائے گی۔ گورنرسندھ نے رائس ایکسپورٹ ایسوسی ایشن پاکستان (ریپ)کے دورہ میں ایسوسی ایشن کے نو منتخب چیئر مین فیصل جہانگیر ، سینئر وائس چیئرمین جاوید جیلانی کو مبارک باد بھی دی۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ گورنرہاؤس میں قائم کردہ خصوصی سیل سے ایکسپورٹرز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے جبکہ چھوٹے کاروبار کو ایکسپورٹ کے لئے بھرپور معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔ گورنرسندھ نے ریپ کو 4بلین ڈالرز ایکسپورٹ کا اہداف حاصل کرنے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ایسوسی ایشن نے 300 ملین ڈالرز سے 4ارب ڈالرز کا ہدف باآسانی حاصل کرلیا ہے ۔آ ج اس تقریب میں ایسوسی ایشن کو مزید 2ارب ڈالر ز ایکسپورٹ کا ہدف دے رہاہوں۔علاوہ ازیں ’’قرار داد مقاصد‘‘ کی ڈائمنڈ جوبلی کی تقریب بعنوان’’نشان لیاقت‘‘سے خطاب کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ 12مارچ 1949ء میں ’’قرار داد مقاصد ‘‘نے ہماری سمت کا تعین کیا اس قرار داد کے ذریعہ طے کر دیا گیا تھا کہ پاکستان کی بنیاد اسلامی جمہوریت و نظریات پر ہوگی ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں