میرپور خاص :اسرائیلی درندگی کے خلاف شیعہ علما کونسل کی ریلی
میرپورخاص (بیورو رپورٹ) قائد ملت جعفریہ آیت اللہ ساجد علی نقوی کی ہدایت پر شیعہ علماء کونسل و جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن میرپورخاص کی جانب سے اسرائیلی مظالم کے خلاف اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ۔۔
مرکزی امام بارگاہ درگاہ مکھن شاہ سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی گئی ۔احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سید ضیاء الحسن کاظمی، مولانا سید ضیاء حیدر نقوی اور دیگر نے کہا کہ مسلم امہ اسرائیلی درندگی اور فلسطینی مظلوم عوام کی حمایت میں آواز بلند کر کے دنیا کو اس مسئلے کی طرف متوجہ کرتی ہے ،پوری دنیا کے مسلمان حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصراللہ کی شہادت پر افسردہ اور غمزدہ ہیں ، اسرائیل دنیا میں بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کبھی شام، لبنان، یمن، ایران اور دیگر اسلامی ممالک میں امت مسلمہ کے کمانڈرز کو نشانہ بنا کر بین الاقوامی سطح پر دنیا کے امن کو خطرات سے دوچار کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم کربلا کے پیروکار ہیں ، ہم ہر طرح کے ظلم کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے ۔ اس موقع پر ریلی کے شرکاء اسرائیل اور امریکا کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کرتے رہے۔