روہڑی :بچوں کی لڑائی بڑوں تک پہنچ گئی ،فائرنگ سے ایک قتل

 روہڑی :بچوں کی لڑائی بڑوں تک پہنچ گئی ،فائرنگ سے ایک قتل

روہڑی،اندرون سندھ(نمائندگان دنیا) روہڑی کی بابا مراد شاہ کالونی میں بچوں کی لڑائی بڑوں تک پہنچ گئی ۔۔

جھگڑے کے بعد جوئیہ برادری کے افراد نے شیخ برادری کے لوگوں پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں عبدالرشید ولد محمد رفیق شیخ قتل ،چار افراد زخمی ہوگئے ، جن میں سے دو کی حالت نازک ہے ،لاش قانونی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی۔ جیکب آباد میں لیکچرار انور کی مبینہ خودکشی کے معاملے پر مقدمہ درج کرلیاگیا، متوفی نے جمعر ات کے روز سود خوروں سے تنگ آکر خودکشی کی تھی، پولیس نے مختلف پہلوؤں سے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیاہے جب کہ ڈکھن محلے کے رہائشی انور نے خودکشی سے قبل ایس ایس پی جیکب آباد کو خط لکھا تھا جس میں تحریر تھا کہ سود خوروں نے میری زندگی عذاب بنا رکھی ہے جس سے تنگ آکر خودکشی پر مجبور ہوچکا ہوں۔ محراب پور کے علاقے ٹھری میرواہ تھانہ کی حدود گاؤں رحیم خان جلبانی میںمسلح افراد نے گھر میں گھس کر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں راحیلہ بنت ذولفقار علی جلبانی نامی دوشیزہ جاں بحق ہوگئی جب کہ دو افراد زخمی ہوئے ۔ پولیس کے مطابق واقعہ دشمنی کا نتیجہ لگتا ہے ۔دوسری جانب محراب پور میں بیروزگاری سے دلبرداشتہ نوجوان طارق علی زرداری نے زہریلی گولی کھا کر خودکشی کرلی جب کہ محراب پور میں ہی صحافی موٹر سائیکل چھیننے کے دوران مزاحمت پر زخمی ہوگیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں