قوم پرست ختم نبوت ؐ کے معاملے پر ہمارا ساتھ دیں،جے یوآئی
میرپورخاص،ڈگری(بیورورپورٹ)جے یو آئی ڈسٹرکٹ میرپورخاص کی جانب سے حرمت رسول ؐ و مفتی محمود کانفرنس ریلی نکالی گئی، ریلی کا آغاز گاما اسٹیڈیم سے ہوا اور یہ تعلقہ شجاع آباد، تعلقہ ڈگری اور تعلقہ جھڈو سے ہوتی ہوئی نوکوٹ میں اختتام پذیر ہو ا۔
اس موقع پر جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنما مولانا راشد محمود سومرو نے سبزی منڈی چوک پر کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا 14 اکتوبر کو میرپورخاص میں مفتی محمود کانفرنس کا اہتمام کیا جارہا ہے ، کانفرنس میں دنیا بھر سے افراد شرکت کریں گے ۔ کانفرنس میں سندھ کے مسائل اور وسائل کی لوٹ مار پر بات ہوگی ۔انہوں نے مزید کہاکہ سندھ کے ہر مسئلے پر ہم قوم پرست جماعتوں کے شانہ بشانہ ہیں ،قوم پرست ختم نبوت ؐ کے معاملے پر ہمارا ساتھ دیں۔ سندھ محمد مصطفی ؐکے غلاموں کی دھرتی ہے ۔ اس کانفرنس میں فلسطین اور غزہ کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ انسانیت کے دعویدار پختون ،مہاجر اور دیگر قوموں کو صوبے سے باہر نکالنے کی بات کس منہ سے کرتے ہیں ۔