شہریوں کے نام پر غیر قانونی سمیں افغان باشندوں کو جاری کرنے کا انکشاف
کراچی(اسٹاف رپورٹر )پولیس کے ہاتھوں گرفتار ملزمان نے کراچی کے شہریوں کے نام پر بڑی تعداد میں غیر قانونی سمیں افغان باشندوں کو جاری کرنے کا انکشاف کیا ہے ۔
کراچی کے شہریوں کے نام کی سم چمن بارڈر پر غیر ملکی شہریوں کو فروخت کی جاتی ہیں۔ملزمان سادہ لوح شہریوں کا انگوٹھا بائیو میٹرک سے حاصل کرنے کے بعد مختلف کمپنیوں کی سم جاری کرتے تھے ۔شہریوں کے نام پر جاری ہونے والی سمیں ڈکیت گروہ استعمال کرتے ہیں۔ رضویہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو سگے بھائیوں سمیت تین ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔گرفتار ایک ملزم کا ویڈیو بیان سامنے آیا ہے جس میں ملزم نے بتایا کہ غیر ملکی باشندہ کامران افغانی ایک سم 1200 میں خریدتا تھا۔ملزم نے بتایا کہ وہ کامران افغانی نامی شخص کو 400 سمیں دے چکا ہے ۔ملزم کے مطابق وہ شہری کا بائیو میٹرک کرنے کے بعد سم ایشو نہیں کرتے تھے اور شہری کو یہ کہہ کر ٹال دیتے تھے کہ آپ کا بائیومیٹرک نہیں آ رہا۔ گرفتار دوسرے ملزم نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ شہریوں کے ناموں پر جاری سمیں افغان بارڈر سے خریدتے تھے جسے ڈکیت گینگ استعمال کرتے ہیں اور واردات کے بعد ان سمز کو موبائل فون سمیت توڑ کر پھینک دیا کرتے ہیں اور دوبارہ واردات کے لیے نئی سم اور دوسرا موبائل فون استعمال کرتے ہیں۔گرفتار ملزمان میں حمزہ ، سکندر اور وزیر شامل ہیں۔