گلشن حدید، اسٹیل ٹاؤن میں آبی بحران،گیس بھی بند

 گلشن حدید، اسٹیل ٹاؤن میں آبی بحران،گیس بھی بند

کراچی(رپورٹ :آغا طارق )اسٹیل مل انتظامیہ اپنے رہائشی علاقوں گلشن حدید، اسٹیل ٹاؤن کے لاکھوں مکینوں کو بنیادی سہولتیں دینے میں مکمل ناکام ہوگئی۔

گلشن حدید اوراسٹیل ٹاؤن میں گزشتہ تین دن سے پانی کی فراہمی مکمل بند ہے جب کہ اسٹیل ٹاؤن کی گیس بھی کافی عرصے سے بند کردی گئی ہے جس کی وجہ سے عوام شدید پریشانی کا شکار ہے ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ تین دنوں سے مل انتظامیہ نے گلشن حدید کا پانی بند کر دیا ہے جس کے باعث لاکھوں لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں جبکہ اسٹیل ٹاؤن میں تمام ملازمین کو گھر خالی کرنے کے نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں ۔ گھر خالی کرنے اور گیس بندش کے خلاف مل کے ملازمین اپنے اہل خانہ کے ہمراہ احتجاج کرنے کے ساتھ ٹاؤن شپ گیٹ پر دھرنا دے کر بھی بیٹھے ہوئے ہیں لیکن مل انتظامیہ ان سے کسی بھی قسم کے مذاکرات نہیں کر رہی ہے ۔ ٹینکر مافیا نے بھی پانی فروخت کرنے کے ریٹ ڈبل کردیے ہیں ۔ گلشن حدید کی سول سوسائٹی ،سیاسی و سماجی تنظیموں نے اعلان کیا ہے کہ اگر دو دن کے اندر پانی کی فراہمی کو یقینی نہیں بنایا گیا تو وہ سخت احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے ۔پیپلز پارٹی ملیر کے جنرل سیکرٹری امداد علی جوکھیو نے کہا کہ گلشن حدید کو پانی کی فراہمی نہیں کی گئی تو تمام جماعتوں کے ساتھ مل کر مل انتظامیہ کے خلاف بھرپور احتجاج کا اعلان کرینگے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں