لاڑکانہ :100روپے کی خاطر قتل کرنے والا ملزم گرفتار
لاڑکانہ(بیورورپورٹ)لاڑکانہ پولیس نے 100 روپے کی خاطر انسانی جان لینے والے سفاک ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔۔۔
اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ برکت سومرو قتل کیس کے مرکزی ملزم سے آلہ قتل پستول اور گولیاں برآمد کرلی گئی ہیں،گرفتار ملزم ذوالفقار ولد رسول بخش کھوکھر قتل کے مقدمے میں نامزد ہے ، ملزم سے پستول اور گولیاں برآمد ہونے پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔پولیس کے مطابق 24 ستمبر 2024 کو ملزم نے 100روپے کی معمولی بات پر فائرنگ کرکے برکت سومرو نامی شہری کو قتل کردیا تھا ۔ علاوہ ازیں لاڑکانہ پولیس نے خالدہ قریشی اندھے قتل کیس میں ملوث ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے اعتراف جرم بھی کرلیا ہے ، اس حوالے سے لاڑکانہ پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ خاتون کے قتل کا واقعہ 2023 میں تھانہ حیدری کی حددو میں پیش آیا تھا۔ ایس ایس پی لاڑکانہ میر روحل خان کھوسو کی قیادت میں پولیس نے ڈی ایس پی رتوڈیرو ڈاکٹر ظہور احمد سومرو کی زیر نگرانی بلائنڈ مرڈر کیس کو ٹریس آؤٹ کرکے ملوث ملزم انیس الرحمٰن دھامراہ کو گرفتار کرلیا ہے جس سے مزید تفتیش سمیت قانونی و ضابطے کی کارروائیاں جاری ہیں۔ ادھر لاڑکانہ پولیس نے پنجاب کے ضلع راجن پور کے علاقے جام پور میں کارروائی کرکے اغوا کے مقدمے میں ملوث دوسرے ملزم کو بھی گرفتار کرلیا ، پولیس کے مطابق اس سے قبل مغوی لڑکی کو بازیاب کرواکے ملزم عابد کو گرفتار کیا گیا جبکہ دوسرے گرفتار ملزم کی شناخت شہباز ولد احمد علی کے طور پر ہوئی۔