میہڑ میں ماموں کی فائرنگ سے بھانجی جاں بحق

میہڑ میں ماموں کی فائرنگ سے بھانجی جاں بحق

میہڑ،اندرون سندھ(نمائندگان دنیا)میہڑ میں بی سیکشن تھانے کی حدود شہباز کالونی کے قریب 18 سالہ مسماۃ وحیدہ گاڈہی کو سگے ماموں میر جان نے گھر میں داخل ہو کر گولیاں مار کر قتل کردیا اور ملزم فرار ہوگیا۔

مقتولہ کے بھائی عابد ولد مختار گاڈہی نے بتایا کہ میری والدہ کے سامنے ملزم نے سلائی کا کام کرنے والی بہن وحیدہ کو قتل کردیا۔ محراب پور میں ڈاہری برادری کے دوگروہوں میں دیرینہ تنازعے پر تصادم ہوگیا ،اس دوران گولیاں چل گئیں جس کے نتیجے میں 35سالہ حسن ڈاہری جاں بحق ہوگیا جب کہ فائرنگ کی زد میں آ کر رسول بخش ڈاہری سمیت متعدد افراد زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں،دونوں جانب سے مورچہ بند فائرنگ سے شہر بند ہوگیا اور لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ لاکھا روڈ پولیس کے مطابق پولیس نے موقع پر پہنچ کر کشیدہ حالات کو کنٹرول کرلیا۔علاوہ ازیں محراب پور میں ہی سانپ کے ڈسنے سے دوشیزہ جاں بحق ہوگئی۔واقعہ اکری تھانہ کی حدود گاؤں سوڈل لاشاری میں پیش آیا جہاں کپاس کی چنائی کرنے والی دوشیزہ ماروی لاشاری کو سانپ نے ڈس لیا،جس کو فوری طورپر نجی اسپتال پہنچایا گیا، جہاں پر ابتدائی طبی امداد کے بعد تحصیل اسپتال نارا میں منتقل کیا گیا، لیکن جسم میں زہر پھیلنے کے باعث دوشیزہ دم توڑ گئی۔ ورثاء نے اسپتال انتظامیہ کو موت کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہاکہ اسپتال میں سانپ کے زہر سے بچاؤ کی ویکسین نہ ہونے سے لڑکی کی موت واقع ہوئی ، محکمہ صحت اور حکومت سندھ واقعے کا نوٹس لے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں