بندرگاہوں پر ضبط سامان کی منظم چوری کا انکشاف

بندرگاہوں پر ضبط سامان کی منظم چوری کا انکشاف

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)اکستان کسٹمز پوسٹ کلیئرنس آڈٹ نے کراچی اور پورٹ قاسم بندرگاہ سے روکے گئے کنٹینرز سے مصنوعات کی منظم چوری کا انکشاف کیا ہے ۔

نجی ٹی وی کو کسٹمز پوسٹ کلیئرنس آڈٹ کسٹمز ساؤتھ نے بتایا کہ قاسم انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل (کیو آئی سی ٹی) اور کراچی انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل(کے آئی سی ٹی) سے ضبط شدہ 8کروڑ 30لاکھ روپے مالیت کے سامان کی چوری کی نشان دہی ہوئی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ اس ضمن میں ابتدائی تحقیقات اور شواہد کی بنیاد پر تین مختلف کمپنیوں کے خلاف الگ الگ تین مقدمات درج کرلیے گئے ہیں اور کسٹمز افسران اور پورٹ اتھارٹیز کے ملوث ہونے کے شواہد حاصل کیے جا رہے ہیں کیونکہ درآمدکنندگان پر عائد جرمانہ کی ادائیگیوں کے بغیر بندرگاہ سے کنسائمنٹس کی کلیئرنس کس طرح ہوگئی۔ڈائریکٹرجنرل پوسٹ کلیئرنس آڈٹ چودھری ذوالفقار علی کے احکامات پر ڈائریکٹر ساؤتھ شیراز احمد کی سربراہی میں پی سی اے ٹیم کی جانب سے اپنی نوعیت کے اس پہلے اسکینڈل کا پردہ فاش کیا ہے ، جس میں 8کروڑ 30لاکھ روپے مالیت کی ضبط شدہ اشیا کو غیرقانونی طور پر کسٹمز افسران کے مبینہ باہمی اشتراک سے چوری کی نشان دہی کی گئی ہے ۔شیراز احمد کے مطابق پی سی اے ساؤتھ کو انٹیلی جنس نیٹ ورک سے اطلاع موصول ہوئی تھی کہ مذکورہ تین درآمد کنندگان کے کارٹیل پورٹ قاسم اور کراچی انٹرنیشنل کنٹینرز ٹرمینل سے ضبط شدہ سامان کی منظم انداز میں چوری کررہے ہیں، ان اشیا میں مشین پارٹس، الیکٹرونک آئٹم، ایلومینیم شیٹس سمیت متعدد اشیا شامل ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں