شہریوں سے کچرا ٹیکس بھی وصول کرنے کامنصوبہ
کراچی (آن لائن )سندھ حکومت نے کراچی کے شہریوں پر کچرا بم گرانے کا منصوبہ تیار کرلیا۔ میونسپل یوٹیلیٹی ٹیکس کے بعد اب کراچی کے شہریوں سے کچرا ٹیکس بھی وصول کیا جائے گا۔ رہائشی، صنعتی، کمرشل علاقوں سے ٹیکس جمع کیا جائے گا۔
کچرا ٹیکس کے نام پر شہریوں سے سالانہ دس ارب روپے وصول کیے جائیں گے ۔ ذرائع کے مطابق سندھ حکومت کی ہدایت پر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ نے بھی کراچی کے شہریوں کی جیبوں پر ڈاکہ مارنے کی تیاری شروع کردی ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈورٹوڈور کچرا کلیکشن پر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ شہریوں سے ٹیکس وصول کرے گا ،شہریوں سے ٹیکس وصولی کیلئے سندھ حکومت کی ہدایت پر تجاویز تیار کرلی ہیں ۔سالڈ ویسٹ کے ذرائع نے بتایا کہ ٹاؤنز اور یوسیز سے مشاورت کے بعد کابینہ سے منظوری ہوگی۔ سالڈ ویسٹ ذرائع کے مطابق جو کمپنی جس علاقے میں کام کررہی ہے وہی ٹیکس وصول کرے گی جبکہ کچرے کے عوض کم از کم 100سے 300روپے ٹیکس کا نفاذ کیا جائے گا۔ سالڈ ویسٹ ذرائع کے مطابق کچرا ٹیکس لگانے کا مقصد حکومتی گرانٹ کو کم سے کم کرنا ہے جبکہ سندھ سالڈ ویسٹ کے قیام کے وقت حکومت سندھ کا دعویٰ تھا کہ شہروں کی صفائی کے اخراجات سندھ حکومت برداشت کرے گی۔ذرائع نے بتایا کہ آئندہ دو سے تین ماہ میں ٹیکس نافذالعمل ہوگا۔