لاڑکانہ :ہائیکورٹ روڈ کشادہ کرنے کی اسکیم پر کام کاآغاز

لاڑکانہ :ہائیکورٹ روڈ کشادہ کرنے کی اسکیم پر کام کاآغاز

لاڑکانہ(بیورورپورٹ)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے پولیٹیکل سیکریٹری اور رکن سندھ اسمبلی جمیل احمد سومرو کی کوششوں سے سندھ حکومت کی جانب سے لاڑکانہ ڈیولپمنٹ پیکیج کے تحت شہر کی اہم شاہراہ ہائی کورٹ روڈ کو ڈبل کرنے کی منظور اسکیم پر کام اتوار سے شروع کیا گیا ۔۔۔

اس سلسلے میں ڈبل روڈ تعمیر کرنے کے لیے ہیوی مشینری کے ذریعے فٹ پاتھ کو مسمار کر کے دو کلومیٹر پر محیط ایس ایس پی چوک سے چانڈکا پل تک ڈبل روڈ کی از سر نو تعمیر کی جارہی ہے جس سے بارش کے پانی کی نکاسی آسان اور ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی جبکہ اسی روڈ پر بالائی سندھ کے سب سے بڑے چانڈکا ٹیچنگ اسپتال،شہید محترمہ بے نظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی،چانڈکا میڈیکل کالج، ہائی کورٹ سرکٹ بینچ لاڑکانہ، ڈائریکٹر ہیلتھ آفس، ڈی ایچ او لاڑکانہ، محکمہ جنگلات سمیت دیگر سرکاری و نجی دفاتر موجود ہیں، اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ ڈاکٹر شرجیل نور چنا نے میڈیا کو بتایا کہ ہائی کورٹ ڈبل روڈ اسکیم لاڑکانہ ڈیولپمنٹ پیکیج کاحصہ ہے جو 2017 میں منظور کیاگیاتھا ، تاہم اس اسکیم پر کئی سال سے کام نہ ہوسکا تھا جس کی وجہ سے بارش کا پانی اسی روڈ پر جمع ہوتا تھا اور ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوتی تھی۔انہوں نے کہاکہ شہریوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لیے انتظامیہ کی کوششوں سے ڈبل روڈ اسکیم پر کام شروع کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ متعلقہ اسکیم میں رین ڈرین کا بھی منصوبہ ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں