ایم ڈی کیٹ کا پرچہ آؤٹ ہونے پرطلبہ،ڈاکٹرز کا احتجاج
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)ایم ڈی کیٹ کا پرچہ آؤٹ ہونے کے خلاف طلبہ، والدین اور ڈاکٹرز نے احتجاج کیا۔سول اسپتال سے منسلک ڈاؤ یونیورسٹی کے باہر احتجاج میں متاثرہ امیدوار، والدین، ڈاکٹرز اور سماجی رضاکاروں نے شرکت کی۔
مظاہرین نے نتائج منسوخ کر کے دوبارہ ایم ڈی کیٹ 2024 کے انعقاد، پرچہ آؤٹ کرنے والے مافیا کے خلاف قانونی کارروائی اور ڈاؤ یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی برطرفی سمیت امتحانات کی شفافیت کے لیے مؤثر حکمت عملی بنانے کا مطالبہ کیا۔مظاہرین نے ایم ڈی کیٹ پرچہ آؤٹ ہونے کے تنارع پر تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دینے کا مطالبہ بھی کیا۔ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن سندھ کے چیئرمین ڈاکٹر محبوب نوناری نے کہا کہ ہر سال ایم ڈی کیٹ کے پرچے آؤٹ ہونے کا تنازع سامنے آتا ہے اور پی ایم ڈی سی کی جانب سے اس کو روکنے کے لیے کوئی ٹھوس حکمت عملی نہیں بنائی گئی۔ اگر گزشتہ سال کے ملوث افراد کو سزا دی گئی ہوتی تو اس سال یہ صورتحال نہ ہوتی۔متاثرہ امیدواروں کا کہنا تھا کہ رواں سال کے امتحان میں 20 سے زائد سوالات نصاب سے باہر تھے اور آؤٹ شدہ پرچے سے فائدہ اٹھانے والے طلبہ کے نمبرز غیر معمولی ہیں۔ مظاہرین نے ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر پر میرٹ کے قتل کا الزام لگاتے ہوئے ان کی برطرفی کا مطالبہ کیا۔