انٹر بورڈ کراچی کے طلبہ کو تختہ مشق بنایا ہوا ہے ،سپلا

 انٹر بورڈ کراچی کے طلبہ کو تختہ مشق بنایا ہوا ہے ،سپلا

کراچی (آن لائن)سند ھ پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن (سپلا)کے مرکزی صدر منور عباس، دیگر رہنماؤں پروفیسر عصمت جہاں اور دیگر نے کہا ہے کہ کراچی انٹرمیڈیٹ بورڈ اور اس بورڈ کے تحت امتحانات دینے والے طلبہ کو تختہ مشق بنا کر رکھ دیا گیا ہے ۔

 سپلا رہنماؤں نے مزید کہا کہ انٹر پری انجینئرنگ کے نتائج تیار ہیں مگر چیئرمین بورڈ کی عدم تعیناتی نتائج کے اعلان میں تاخیر کا سبب بنی ہوئی ہے جس کے سبب طلبا و طالبات ان کے والدین اور اساتذہ میں شدید بے چینی پائی پیدا ہو گئی ہے ۔ سپلا رہنماؤں کا مزید یہ بھی کہنا تھا کہ چیئرمین انٹر بورڈ کی عدم تعیناتی کے سبب کراچی انٹر بورڈ کے معاملات شدید متاثر ہو رہے ہیں جبکہ اساتذہ کے واجبات بھی تاخیر کا شکار ہیں۔ رہنماؤں کا مزید کہنا تھا کہ محکمہ بورڈز و جامعات مکمل طور پر ناکام ثابت ہوا ہے ،اس محکمہ کی اس سے بڑھ کر اور کیا ناکامی ہوگی کہ اپنے قیام سے لیکر آج تک تمام بورڈز اور جامعات کو ایڈہاک ازم کے تحت چلایا گیا، سوائے ایک آدھ بورڈ کے سندھ کے کسی بھی تعلیمی بورڈ میں نہ کوئی مستقل چیئرمین بورڈ، نہ ہی ناظم امتحانات اور نہ ہی سیکریٹری بورڈ اور نہ ہی ڈائریکٹر فنانس تعینات کر سکا ہے ۔انہوں نے وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ، وزیرِ تعلیم سندھ سردار شاہ سے مطالبہ کیا کہ تمام بورڈز بالخصوص کراچی انٹرمیڈیٹ بورڈ میں میرٹ پر چیئرمین بورڈ تعینات کیا جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں