سیسی ملازمین کے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کرینگے ،وزیرمحنت
کراچی(اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت سندھ شاہد عبدالسلام تھہیم نے کہا ہے کہ حکومت سندھ ملازمین کے مسائل کے حل کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے اور سیسی ملازمین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔
انہوں نے یہ بات پیپلز لیبر بیورو سندھ کے صدر حبیب الدین جنیدی کی قیادت میں سندھ ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹیٹیوشن (سیسی) کی سی بی اے کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔وفد نے صوبائی وزیر کو سیسی ملازمین کو درپیش مسائل سے آگاہ کیااور بتایا کہ سوشل سکیورٹی لانڈھی اسپتال کی اسٹاف کالونی کی گیس گزشتہ ایک ماہ سے منقطع ہے جس کے باعث ملازمین کی فیملیز کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ وزیر محنت نے فوری نوٹس لیتے ہوئے وفد کو یقین دلایا کہ اس مسئلے کو جلد حل کیا جائے گا۔اس موقع پر پیپلز لیبر بیورو سندھ کے صدر حبیب الدین جنیدی نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ کم از کم اجرت کے حوالے سے نوٹیفکیشن میں کئی ماہ کی تاخیر ہو چکی ہے ، جس کی وجہ سے صوبے بھر کے محنت کش شدید اضطراب کا شکار ہیں۔ صوبائی وزیر محنت نے کہا کہ ان کی وزارت اس معاملے کو سنجیدگی سے لے رہی ہے اور جلد ہی اس پر کارروائی مکمل کی جائے گی۔ حکومت سندھ ملازمین کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے اور محنت کشوں کی فلاح و بہبود کو ہمیشہ ترجیح دی جائے گی۔