دولت پور:زمین کے جھگڑے پر 9 افراد کے قتل کا تصفیہ
دولت پور(نمائندہ دنیا) 5 ماہ قبل پبجو تھانے کی حدود میں زمین کے تنازعے پر جھگڑے کے دوران 9 افراد کے قتل کا تصفیہ ہوگیا،دونوں فریقین پر 2 کروڑ 25 لاکھ روپے جرمانہ عائد جبکہ زخمیوں کو 35 لاکھ روپے دیے جائیں گے ۔سابق صوبائی وزیر تعلیم سردار خان محمد ڈاہری نے تصفیہ کے بعد فیصلہ سنادیا۔
تفصیلات کے مطابق 5 ماہ قبل پبجو تھانہ کی حدود میں واقع گاؤں سائیں رکھیو ڈاھری میں زمین کے تنازعے پر جھگڑے کے دوران گاؤں پر حملے میں 9 افراد فائرنگ سے جاں بحق جبکہ 7 افراد زخمی ہوگئے تھے ۔سندھ کے سابق صوبائی وزیر تعلیم سردار خان محمد ڈاھری اور رئیس پرویز ڈاھری کی سرپرستی میں جرگہ منعقد کیا گیاجس میں دونوں فریقین کاموقف سننے کے بعد فی ہلاکت پر 25 لاکھ روپے جرمانہ رکھا گیاجبکہ فی زخمی پر 5 لاکھ روپے جرمانہ رکھا گیا ،اس طرح مجموعی طور پر 9 افراد کے قتل پر 2 کروڑ 25 لاکھ روپے اور 7 لوگوں کے زخمی ہونے پر 35 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا جس میں عبدالکریم ڈاھری گروپ پر 6 افراد کو قتل کرنے کا جرم ثابت ہونے پر 1 کروڑ 50 لاکھ روپے خون بہا عائد کیا گیا ہے جبکہ غلام رسول گروپ پر 3 افراد کو قتل کرنے کا جرم ثابت ہونے اور گھروں پر حملہ کرنے کا جرم ثابت ہونے پر 1 کروڑ 10 لاکھ روپے خون بہا عائد کیا گیا ہے ،فیصلہ آنے کے بعد علاقے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ۔