باندھی :زائد قیمتوں پر اینٹوں کے بھٹے پر 65 ہزار جرمانہ عائد
باندھی، اندرون سندھ (نمائندگان دنیا) ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد شہریار گل میمن کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر دوڑ حسان ظفر نے سیپا، لیبر اور پرائس کنٹرول کے افسران کے ہمراہ تحصیل دوڑ کے مختلف اینٹوں کے بھٹوں کا دورہ کرکے اینٹوں کی قیمتوں اور معیار کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر دوڑ نے زائد قیمتیں وصول کرنے والے اینٹوں کے بھٹے مالکان پر 65 ہزار روپے جرمانہ عائد کرکے وصول کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر دوڑ حسان ظفر نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر شہریار گل میمن کی خصوصی ہدایت پر عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور ضلع انتظامیہ کی جانب سے اینٹوں کی مقرر کردہ قیمتوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں، اس سلسلے میں عوام اپنی شکایات اسسٹنٹ کمشنر آفس دوڑ میں جمع کرواسکتے ہیں ، یہ کارروائیاں روزانہ کی بنیاد پر جاری رہیں گی۔ گھوٹکی سے نمائندے کے مطابق میرپورماتھیلو میں ایکس ای این سیپکو عبدالفہیم بلکانی کی قیادت میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف میگا آپریشن کے دوران درجنوں غیر قانونی کنکشنز منقطع کرتے ہوئے بجلی چوری میں ملوث گیارہ افراد کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کردیا گیا۔ سیپکو ٹیم کی جانب سے سومرا کالونی، گل کالونی اور مسلم کالونی سمیت دیگر علاقوں میں کارروائیوں کے دوران تاریں تحویل میں لے لی گئیں۔ ایکس ای این سیپکو فہیم بلکانی کے مطابق ڈہرکی، اوباڑو اور میرپورماتھیلو سمیت مختلف دیہی علاقوں میں لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے نادہنگان کو بقایا جات کی ادائیگی کے لیے آخری وارننگ دی گئی تھی۔