میرپور خاص :رہائشی اسکیموں میں لیز کی تجدید نہ ہوسکی
میرپورخاص(بیورورپورٹ)میرپور خاص کے مختلف رہائشی علاقوں کی لیز کی مدت ختم ہوئے 17 سال گزر چکے ،ان علاقوں کے رہائشی اپنی جائیداد کی خرید و فروخت کرنے کیلئے سخت پریشان ہیں۔
منتخب عوامی نمائندے بھی لیز کی تجدید کروانے کیلئے کوئی کردار ادا کرنے کو تیار نہیں، رہائشیوں نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کو مکمل مالکانا حقوق دیئے جائیں ۔ تفصیلات کے مطابق میرپورخاص کے مختلف رہائشی علاقوں سیٹلائیٹ ٹاؤن، اسکیم نمبر دو، بلوچ پاڑہ، پاک کالونی اور دیگر میں ہزاروں خاندان آباد ہیں ان علاقوں کی لیز کو ختم ہوئے 17 سال کا عرصہ گزر چکا ہے جبکہ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے متعدد بار لیز کی تجدید کیلئے حکومت سندھ اور محکمہ بلدیات کو لیٹر ارسال کئے گئے ہیں لیکن حکومت کی جانب سے کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جا رہی ۔واضح رہے کہ ان علاقوں کے کئی الاٹی اب اس دنیا میں نہیں رہے اور ان کی اولادیں وراثتی جائیداد اپنے نام کروا سکتی ہے اور نہ ہی ان کی خرید و فروخت کر سکتی ہے اور وراثت کی جائیداد کا بٹوارہ بھی نہیں کیا جاسکتاہے جس کی وجہ سے ان علاقوں کے رہائشی سخت پریشان ہیں۔ رہائشیوں نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ لیز کی فوری تجدید کی جائے یا ان علاقوں کے الاٹیز کو مالکانا حقوق دیے جائیں۔