نوابشاہ:جماعت اسلامی،پیپلزپارٹی کافلسطینیوں سے اظہار یکجہتی
نوابشاہ(نمائندہ دنیا )امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ملک بھر میں کی طرح نوابشاہ کے ترازو چوک پر بھی پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی کے تحت احتجاجی مارچ کیاگیا۔
مظاہرے میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی،جس سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر سالم خان زرداری ، امیر جماعت اسلامی نوابشاہ پروفیسر اعجاز عالم اور دیگر مقررین نے کہا کہ غزہ پر اسرائیلی جارحیت کا ایک سال مکمل ہونے کو ہے ۔ مارچ میں مقررین نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف بھرپور قومی اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالم اسلام کے حکمرانوں اور افواج پر زور دیا کہ وہ نہتے فلسطینیوں کی نسل کشی اور امریکی سرپرستی میں اسرائیل کی بڑھتی ہوئی دہشت گردی کو روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے مزید کہاکہ حکمران اگر اب بھی نہ جاگے تو ان کی داستان تک نہ ہوگی داستانوں میں ۔انہوں نے کہاکہ اسرائیل سے دوستی مہنگی پڑے گی ،غزہ کے بعد لبنان کو نشانہ بنانے والا اسرائیل کل کسی اور ملک کو بھی نشانہ بناسکتا ہے ۔ مقررین نے کہا کہ اس وقت عصبیت ولسانیت ،مسلکی اور فرقہ وارانہ بنیادوں پر اختلاف اور تقسیم پیدا کرنے کے ایجنڈے پر کام کیا جارہا ہے ، سعودی عرب اور ایران پر خصوصی ذمہ داری ہے کہ وہ یہ تقسیم پیدا نہ ہونے دیں۔ مارچ میں میونسپل کارپوریشن کے ٹاؤن چیئرمین عاطف زیدی حیات اور تاجر رہنماوں نے بھی شرکت کی۔