ناقص سہولتیں اور فرائض میں غفلت،نجی اسپتال کو متاثرہ خاتون کو ڈیڑھ کروڑ جرمانہ دینے کا حکم
کراچی(اسٹاف رپورٹر)کنزیومر پروٹیکشن کورٹ ایسٹ نے ڈلیوری کے دوران نجی اسپتال کی ناقص سہولیات اور فرائض میں غفلت کے کیس میں نجی اسپتال پر مجموعی طور ڈیڑھ کروڑ سے زائد جرمانہ عائد کردیا۔
عدالت نے ڈیفنس کی رہائشی خاتون کے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے نجی اسپتال کو متاثرہ خاتون کو ایک کروڑ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے ہرجانہ کی عدم ادائیگی کی صورت میں ایک سال قید کاٹنے کا حکم بھی دیا۔ عدالت کا اپنے حکم میں کہناتھا کہ ڈلیوری چارجز کی مد میں لی گئی تمام رقم بھی واپس کی جائے ۔فرائض میں غفلت اور لاپروائی برتنے پر اسپتال انتظامیہ اور متعلقہ ڈاکٹر متاثرہ خاتون کو 5 ملین بھی ادا کریں ،اسپتال انتظامیہ اور متعلقہ ڈاکٹر درخواست گزار کو قانونی چارہ جوئی کی مد میں خرچ ہونے والے ڈھائی لاکھ روپے بھی ادا کریں ،خاتون درخواست گزار 13 جنوری 2023 کو نارمل ڈلیوری کے لیے نجی اسپتال میں داخل ہوئی تھی ،درخواست گزار کاکہناتھا کہ 14 جنوری کو اسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ چونکہ آپ کے شوہر ساتھ نہیں لہذا لیبر روم میں کسی رشتے دار کو جانے کی اجازت نہیں ہے ، اسپتال انتظامیہ سے وجوہات معلوم کرنے پر کوئی تسلی بخش جواب نہیں ملا ،لیبر روم میں موجود عملے نے مریض پر توجہ نہیں دی، کہا جب تک متعلقہ انچارج ڈاکٹر کی اجازت نہیں ملتی وہ کچھ نہیں کریں گے ،اسپتال انتظامیہ نے بغیر وجہ بتائے بچے کو وینٹی لیٹر پر رکھ دیا ،نجی اسپتال نے سندھ سروسز ڈلیوری اسٹینڈرڈ ایس او پی کی خلاف ورزی کی۔