غیر معیاری کام،ٹھیکیدار بلیک لسٹ کرنے کی ہدایت

غیر معیاری کام،ٹھیکیدار بلیک لسٹ کرنے کی ہدایت

کراچی (نیوز ایجنسیاں)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے جناح برج اور میو ہ شاہ قبرستان سڑک کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ نے کراچی کی تعمیر و ترقی کے لئے 218 ارب روپے مختص کئے ہیں لہٰذا سڑکوں اور اسٹریٹ لائٹس کی بحالی و مرمت کے کاموں کے لئے فنڈز کی کوئی کمی نہیں ہے اور یہ تمام کام ترجیحی بنیادوں پر انجام دیئے جار ہے ہیں۔

انہوں نے محکمہ انجینئرنگ کو ہدایت کی ہے کہ کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور غیر معیاری کام کی صورت میں بل کی ادائیگی نہ کی جائے اور ٹھیکیدار کو بلیک لسٹ کردیا جائے ۔دورے کے موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی آصف خان، میئر کراچی کے ترجمان برائے سیاسی امور کرم اللہ وقاصی، ڈائریکٹر جنرل انجینئرنگ اظہر علی شاہ اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ میئر کراچی نے جناح برج پر استرکاری اور دیگر ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اور موقع پر افسران کو ضروری ہدایات دیں، انہوں نے کہا کہ جناح برج پر ٹریفک کے دباؤ کی وجہ سے یہ ضروری تھا کہ اس برج کی مرمت و استرکاری فوری طور پر کی جائے تاکہ ٹریفک جام اور دیگر مسائل سے نمٹا جاسکے ، شہریوں کی ضرورت کے پیش نظر انفراسٹرکچر بحالی و ترقی کے کاموں کو تیزی سے انجام دیا جا رہا ہے اور شہر کے دیگر حصوں میں بھی جن پلوں یا انڈرپاسز میں مسائل ہیں انہیں فوری حل کیا جائے گا۔

میوہ شاہ قبرستان کو جانے والی نو تعمیر شدہ سڑک کا دورہ کرتے ہوئے انہوں نے پیور ورک اور سڑک کے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا،انہوں نے کہا کہ میوہ شاہ قبرستان سڑک کے تعمیراتی کام مکمل ہونے کے بعد علاقے میں عوام کی بہت بڑی تعداد کو آمدورفت میں سہولت میسر آئے گی خاص طور پر جب زائرین قبرستان میں اپنے عزیز و اقرباء کی قبروں پر فاتحہ خوانی کے لئے آتے ہیں انہیں آسانی میسر آئے گی اور اسٹریٹ لائٹس کی بحالی کے بعد رات کے اوقات میں بھی یہاں سے گزرنا ممکن ہوگا، انہوں نے کہا کہ کراچی کے بنیادی انفرااسٹرکچر کی بہتری ، اسڑیٹ لائٹس کی بحالی اور شہریوں کے لئے کھلے اور پرفضا مقامات کی فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں ساتھ ہی تعمیر و ترقی کے کاموں میں معیار کو بھی پیش نظر رکھا جا رہا ہے تاکہ کراچی کے تمام علاقوں میں رہنے والے شہریوں کے لئے ہونے والے یہ کام پائیدار اور معیاری ثابت ہوں اور عوامی فنڈز کا ہرممکن بہتر استعمال یقینی بنے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں