مہران ہائی وے پر کار کی ٹکر سے 3 موٹرسائیکل سوار جاں بحق

مہران ہائی وے پر کار کی ٹکر سے 3 موٹرسائیکل سوار جاں بحق

پڈعیدن ، محراب پور (نمائندگان دنیا) مہران ہائی وے پر تیز رفتار کار اور موٹرسائیکل میں خوفناک تصادم، 3 افراد جاں بحق ہو گئے ۔

تفصیلات کے مطابق اکری تھانے کی حدود مہران ہائی وے پر جلال جی اسٹاپ کے قریب تیز رفتار کار کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار گلزار احمد، عرض محمد چانڈیو اور اقبال چانڈیو جاں بحق ہو گئے ۔ حادثے میں کار میں سوار تین افراد بھی زخمی ہوئے ، جنہیں فیض گنج اور نواب شاہ کے اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔ جبکہ پولیس نے کار ڈرائیور فرخ چوہان کو گرفتار کرکے کار تحویل میں لے لی۔ عینی شاہدین کے مطابق تیز رفتار کار اچانک سامنے سے آنے والی موٹر سائیکل کو بچانے کی کوشش کے ٹکرا تے ہوئے سڑک سے نیچے فصل میں اتر گئی۔ حادثے میں گلزار احمد موقع پر جاں بحق ہوگیا،جبکہ عرض محمد چانڈیو اور اقبال چانڈیو زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے ۔ اکری پولیس کے مطابق حادثے میں موٹر سائیکل پر سوار تینوں افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ کار میں سوار افراد زخمی ہوئے ہیں ۔ جاں بحق گلزار احمد کا تعلق میہڑ شہر، عرض محمد اور اقبال چانڈیو کا تعلق پھل کے نواحی گاؤں غلام حیدر چانڈیو سے تھا۔ لاشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئیں۔ پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے ۔تینوں افراد کی لاشیں گھروں میں پہنچنے پر کپرام مچ گیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں