نوڈیرو :عدالتی احکامات پر تجاوزات کے خلاف آپریشن کا آغاز
نوڈیرو (نمائندہ دنیا) عدالتی احکامات پر نوڈیرو میں میونسپل انتظامیہ اور پولیس نے تجاوزات کے خلاف آپریشن کا آغاز کر دیا۔
آپریشن کے دوران باب ذوالفقار چوک سے اللہ والی چوک تک کئی تجاوزات کا صفایا اور غیر قانونی پارکنگ کرنے والے کئی چنگچی ڈرائیوروں کو حراست میں لے لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج رتوڈیرو کے احکامات پر نوڈیرو میں میونسپل انتظامیہ اور پولیس نے تجاوزات کے خلاف آپریشن کا آغاز کر دیا ۔ آپریشن کے دوران باب ذوالفقار چوک سے اللہ والی چوک تک کئی تجاوزات ختم کر دی گئیں، خصوصی طور پر ریلوے روڈ پر اسپتال کے قریب رکھے گئے ریڑھے ، اسٹالز اور دیگر سامان کو ہٹا دیا گیا۔آپریشن کی نگرانی میونسپل ایڈمنسٹریٹر حافظ مشتاق احمد کوریجو اور ڈی ایس پی نوڈیرو نثار احمد بروہی کر رہے ہیں۔ اس موقع پر ڈی ایس پی نثار بروہی نے میڈیا کے ذریعے شہریوں کو پیغام دیا کہ چنگچی رکشہ ڈرائیوروں کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنے ڈرائیونگ لائسنس اور گاڑی کے اصل کاغذات ساتھ رکھیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کم عمر بچوں کو رکشہ چلانے کی اجازت نہیں ہوگی ،قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ نوڈیرو میں جاری آپریشن کچھ دنوں تک جاری رہے گا۔ ڈی ایس پی نے واضح کیا کہ جو لوگ قانون کا ساتھ نہیں دیں گے ، ان کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے۔